کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے راہل گاندھی، دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال سمیت کئی لیڈران سے کی ملاقات
نئی دہلی، سماج نیوز: لوک سبھا انتخاب 2024 سے قبل اپوزیشن پارٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ اسی کوشش میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر 12 اپریل کو بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے ساتھ راہل گاندھی کی ملاقات ہوئی۔بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے بدھ کے روز نئی دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور کانگریسی لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کی ۔اس ملاقات کے دوران نتیش کمار کے ساتھ جدیو کے ریاستی صدر للن سنگھ اور تیجسوی یادو کے ساتھ آر جے ڈی کے صدر منوج کمار جھا بھی موجود تھے ۔گھنٹوں چلی اس میٹنگ کے بعد ایک جوائنٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر نے اس میٹنگ کو تاریخی نوعیت کی میٹنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ کا اصل مقصد حزب اختلاف کو متحد کرنا اور ایک ساتھ مل کر چناؤ لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں بہت سارے موضوعات پر گفتگو بھی ہوئی اور فیصلے بھی لئے گئے ۔بعد ازاں بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بھی نہایت سدھے ہوئے لیکن پر اعتماد انداز میں کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے سلسلے میں منعقد یہ میٹنگ نہایت کامیاب رہی اور اب ہم پورے ملک کے حزب اختلاف کو متحد کرینگے ۔ساری پارٹیوں کو ایک ساتھ لے کر چلنا ہمارا مقصد ہے اور ہم اس مقصد میں کامیاب رہیں گے۔میٹنگ میں موجود کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی پریس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایک سلسلے کی شروعات کی ہے جس کے تحت زیادہ سے زیادہ ہم خیال پارٹیوں کو ایک اپوزیشن اتحاد کے طور پر جوڑا جائےگا ۔ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ مل کر ایک نظریاتی اتحاد قائم کریں گے اور ملک میں اپنے نظریات کی بنیاد پر اپنی لڑائی لڑیں گے۔راہل گاندھی نے زور دے کر کہا کہ ملک میں سرکاری اداروں پر ہورہے حملوں کا ہم متحد ہو کر مقابلہ کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس وقت ملک اور جمہوریت پر جو حملے ہو رہے ہیں اس کے خلاف ہم ایک ساتھ کھڑے ہوں گے اور اس کے لیے لڑتے رہیں گے۔‘‘ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ یہ نظریات کی لڑائی ہے جسے یکساں نظریات والی پارٹی کو ایک ساتھ مل کر لڑنا ہوگا۔نتیش کمار اور کانگریس لیڈر کے درمیان کی اس میٹنگ کا پورے ملک کو انتظار تھا ۔اور گذشتہ دنوں خود نتیش کمار نے پٹنہ میں کسی نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس کو جلد از جلد 2024 کے عام انتخاب کے سلسلے میں اپنے موقف کی وضاحت کر دینی چاہئے ۔یوں تو اپوزیشن کے متحدہ محاذ پر کافی دنوں سے باتیں ہو رہی ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ پہلی بار دو سنجیدہ اور تجربہ کار لیڈروں ملکارجن کھڑگے اور نتیش کمار نے اور موجودہ سیاسی منظر نامہ کے دو قدر نوجوان ستارے راہل گاندھی اور تیجسوی یادو نے للن سنگھ اور پروفیسر منوج کمار جھا جیسے سیاسی مفکروں کے ساتھ مل کر 2024کی انتخابی حکمت عملی پر گفتگو کی ہے اور جسے خود کانگریسی صدر نے تاریخی میٹنگ قرار دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے دہلی واقع رہائش پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی، وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے علاوہ جنتا دل یو صدر للن سنگھ بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے تعلق سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ’’ابھی بات ہو گئی ہے۔ ہم نے اپوزیشن اتحاد کو لے کر کافی دیر تک تبادلہ خیال کیا۔ ہماری کوشش زیادہ سے زیادہ پارٹیوں کو ملک بھر میں ایک پلیٹ فارم پر لانے کی ہے۔ ہم آگے ایک ساتھ کام کریں گے، میٹنگ میں یہ طے ہو گیا ہے۔‘‘جنتا دل یو اور آر جے ڈی لیڈران کے ساتھ ملاقات کے بعد کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ آج ہم نے ایک تاریخی میٹنگ کی ہے۔ میٹنگ میں ہم نے آپس میں بہت سے ایشوز پر بات چیت بھی کی۔ میٹنگ کے دوران ہم نے یہ طے کیا ہے کہ سبھی پارٹیوں کو مل جل کر کام کرنا ہوگا، ہمیں متحد ہو کر انتخاب لڑنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔