نئی دہلی، سماج نیوز: بھارت جوڑو یاترا اب اپنے آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے اور اس وقت کشمیر کے علاقوں سے ہو کر گزر رہی ہے۔ دریں اثنا کانگریس کے جنرل سکریٹریوں جے رام رمیش اور وینوگوپال نے کانگریس پارٹی کی طرف سے شروع کی جا رہی نئی مہم کے بارے میں جانکاری دی ہے۔ اس مہم کا نام ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ ہے۔کانگریس نے مودی حکومت کو ہر محاذ پر ناکام بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے بعد ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو ابھیان‘ کے ذریعے موجودہ حکومت کی ناکامیوں کو گھر گھر پہنچایا جائے گا۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور میڈیا انچارج جے رام رمیش نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی کے صدر دفتر میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کا لوگو اور بی جے پی حکومت کے خلاف فرد الزام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 7ستمبر سے شروع ہونے والی ’بھارت جوڑو یاترا‘ 29جنوری کو ختم ہوجائے گی اور 30جنوری کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کنیا کماری سے پیدل لائے گئے قومی پرچم سری نگر میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پر لہرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 30جنوری کو صبح 10 بجے جب مسٹر راہل گاندھی سری نگر میں ترنگا لہرائیں گے ، اس وقت ملک بھر میں کانگریس کے دفاتر میں پرچم کشائی کے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے ۔کانگریس لیڈروں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا ملک کا نعرہ بن گئی ہے اوراس یاترا کے دوران کانگریس کے ذریعہ بے روزگاری، مہنگائی اور نفرت کے خلاف جو پیغام دیا گیا ہے وہ ملک کے مختلف حصوں میں پہنچا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 26جنوری سے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے پیغام کو گھر گھر پھیلانے کیلئے 26مارچ تک ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم چلائی جائے گی۔ اس پروگرام کے ذریعے کانگریس کے تمام لیڈر بھارت جوڑو یاترا کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے عام لوگوں کو جو نقصان ہوا ہے اس کو عوامی مہم کے ذریعے تمام لوگوں تک پہنچانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یاترا اپنے مقصد میں کامیاب رہی ہے ۔بے روزگاری کے مسئلے پر حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کی حالت ایسی ہے کہ دسمبر میں یہ 16 ماہ میں سب سے اعلی سطح پر درج کی گئی ہے ۔ تعلیم کے شعبے میں مولانا آزاد اسکالرشپ اسکیم بند کردی گئی ہے اور یہ ایک خطرناک صورتحال ہے ۔ مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ پٹرول ڈیزل اب تک کی بلند ترین قیمت پر فروخت ہو رہا ہے ۔کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ملک میں معاشرتی، اقتصادی اور سرحدوں کی سلماتی کی صورتحال خطرناک موڑ پر پہنچ چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کے خلاف بھارت جوڑو یاترا کے بعد بھی کانگریس کی مہم جاری رہے گی۔کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم بھارت یاترا کا دوسرا مرحلہ ہے ۔ اس مہم کے ذریعے مودی حکومت کی پالیسیوں پر براہ راست حملہ کیا جائے گا۔ یہ مہم سو فیصد سیاسی ہے ۔ یہ بھارت جوڑو یاترا کا دوسرا مرحلہ ہے اور اس کے بعد تیسرا، چوتھا مرحلہ بھی ہو سکتا ہے ۔ اس کے ذریعے 10لاکھ پولنگ بوتھ، ڈھائی لاکھ گرام پنچایتوں اور چھ لاکھ گاؤں تک بھارت جوڑو یاترا کا پیغام پہنچایا جائے گا۔ تنظیم کی طرف سے ہر ریاست میں کوشش کی جائے گی کہ راہل گاندھی کی طرف سے ایک صفحہ کا پیغام اور حکومت کے خلاف ایک صفحے کا فرد الزام گھر گھر پہنچایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف کانگریس کا نعرہ ’’کچھ کا ساتھ خود کا وکاس، سب کے ساتھ وشواس گھات‘‘ہے اور پارٹی کی ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم‘ اسی نعرے سے شروع ہوگی اور اسے پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔بھارت جوڑو مہم کی اختتامی تقریب میں سیاسی پارٹیوں کی شمولیت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کئی جماعتوں کی طرف سے مثبت جوابات موصول ہوئے ہیں اور نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ بھی اس میں شرکت کریں گے ۔
previous post