نئی دہلی، سماج نیوز: معروف قلمکار و حج کمیٹی کے سابق چیئر مین انیس درانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے معروف کانگریسی لیڈر طارق صدیقی نے کہا کہ انیس درانی کا انتقال کے ساتھ ہی سیاست کی ایک کڑی کا خاتمہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ انیس درانی کی وفات میرے لئے ایک ذاتی نقصان ہے انہوں نے ہی یوتھ کانگریس میں مجھے جوائنٹ سیکریٹری کا عہدہ دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اس کے علاوہ قدم قدم پر وہ میری رہنمائی کرتے رہے ان سے متعلق جس بات کا ذکر کرنا مناسب سمجھتا ہوں وہ یہ ہے کہ حج کمیٹی کا چیئر مین رہتے انہوں نے شیلا سرکار سے حج کمیٹی کے لئے 50لاکھ کا بجٹ پاس کرایا تھا جو ایک بڑی کامیابی تھی۔انہوں نے کہا کہ انیس درانی جیسے لوگ بہت کم ملتے ہیں جو سیاسی،سماجی اور ملی سمجھ رکھنے کے ساتھ ساتھ اچھا قلمی ذوق رکھتے ہوں وہ جہاں تمام شعبہ ہائے زندگی میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بھاگ دوڑ کرتے تھے وہیں اپنے قلم سے عالمی پیمانے پر ہونے والے تغیرات سے عوام الناس کو روشناس کراتے تھے وہ ایک زندہ دل انسان اور زندہ دل صحافی تھے۔دبے کچلے اور حاشیہ پر پڑے لوگوں کی آواز اپنی زبان و قلم سے اٹھانا ان کا خاصہ تھا اللہ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ مرحمت فرمائے۔