نئی دہلی، سماج نیوز: سماجوادی پارٹی کے محافظ ملائم سنگھ یادو کی طبیعت ہنوز نازک بنی ہوئی ہے۔ گروگرام کے میدانتا اسپتال نے اس سلسلے میں آج جو ہیلتھ بلیٹن جاری کیا ہے اس میں بتایا ہے کہ آئی سی یو میں ان کا علاج چل رہا ہے اور وہ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ انھیں اب بھی حیات بخش دوائیں دی جا رہی ہیں۔ملائم سنگھ کی خراب طبیعت کے پیش نظر ان کی عیادت کرنے والوں کا سلسلہ بھی میدانتا اسپتال میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ آج سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ ایس ٹی حسن نے بھی میدانتا اسپتال کا دورہ کیا۔ ملائم سنگھ کی عیادت کے بعد انھوں نے میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملائم سنگھ یادو کو اس وقت دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر، آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو بھی ملائم سنگھ یادو کی عیادت کے مقصد سے اسپتال کا دورہ کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نریندر مودی، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملائم سنگھ کے بیٹے اکھلیش یادو سے فون پر ان کا حال چال معلوم کیا تھا۔اس درمیان آج اس وقت اسپتال میں ایک جذباتی ماحول دیکھنے کو ملا جب سماجوادی پارٹی کے کئی کارکنان اسپتال پہنچے اور وہاں اکھلیش یادو کو دیکھ کر رونا شروع کر دیا۔ جذباتی لہجے میں سماجوادی پارٹی کارکنان نے اکھلیش یادو سے کہا ’’بھیا، بابو جی کو بچا لیجیے۔‘‘واضح رہے کہ ملائم سنگھ یادو گزشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں داخل ہیں۔ گزشتہ اتوار کو آکسیجن کی سطح گر جانے اور بلڈ پریشر بڑھ جانے کے سبب ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہو گئی تھی۔ ملائم کی خرابیٔ طبیعت کی خبر ملتے ہی اکھلیش یادو اور ڈمپل یادو لکھنؤ سے فوراً دہلی پہنچے تھے۔ گزشتہ پانچ دنوں سے ملائم سنگھ کی طبیعت ویسی ہی بنی ہوئی ہے۔