نئی دہلی،سماج نیوز: دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی مہم کے آخری دن آج کانگریس نے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کو براہ راست نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ منافق ہیں اور لوگوں کو گمراہ کرکے بے اصولی سیاست کرتے ہیں۔ کانگریس کے ترجمان اجے کمار اور دہلی پردیش کانگریس کے صدر چودھری انیل کمار نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے کے بعد بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے ، خواتین اور دلتوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور ان طبقات پر مظالم تواتر سے ہو رہے ہیں لیکن حکومت ان لوگوں کے تحفظ کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی خواتین کے تحفظ کی بات کرتی رہی ہے لیکن سچائی یہ ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد حکومت خواتین کو بھول گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو تحفظ کے نام پر بڑے بڑے خواب دکھا کر دہلی میں برسراقتدار آنے والے کجریوال دہلی میں آئے دن خواتین کے خلاف جنسی جرائم کے واقعات ہو رہے ہیں۔ قومی راجدھانی میں ایک سال میں خواتین کے خلاف جرائم میں 40فیصد اضافہ ہوا ہے لیکن مسٹر کجریوال اس معاملے پر خاموش ہیں۔ وزیر اعلیٰ پر بحران کے وقت عام لوگوں کیساتھ کھڑے نہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے کہا کہ دہلی میں خواتین کیساتھ ناانصافی ہوتی ہے اور حکومت خاموش رہتی ہے، دہلی میں فسادات ہوتے ہیں لیکن وزیر اعلیٰ اور ان کا کوئی وزیر فسادات زدہ علاقوں کا دورہ نہیں کرتا۔ جب غیر قانونی تجاوزات پر بلڈوزر چلاتے ہیں، عام آدمی پارٹی کے پاس متاثرین سے ملنے کا وقت نہیں ہوتا، سنت روی داس مندر کو گرایا جاتا ہے ، دلتوں کیساتھ ناانصافی ہوتی ہے لیکن مسٹر کجریوال کیلئے ان سب چیزوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ جب دہلی کی ایک خاتون ایم ایل اے کو اس کے شوہر نے تھپڑ مارا تو وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اسے گھریلو معاملہ سمجھ کر رد کر دیتے ہیں۔