23.1 C
Delhi
فروری 16, 2025
Samaj News

سعودی پرچم شان وشوکت اور اصول واقدار کی کھلی کتاب

ڈاکٹر جاوید ندیم شیخ

مملکت سعودی عرب ہر سال 11 مارچ کو یوم قومی پرچم مناتی ہے، یہ ایک تاریخی دن ہے۔ اس دن شاہ عبدالعزیز رحمہ اللہ نے سعودی پرچم کو اس کی موجودہ خوبصورت شکل میں منظور کیا تھا۔ یہ پرچم اپنے اندر موجود گہرے مفہوم ومعانی اور ان خوبصورت اصول واقدار کی عکاسی کرتا ہےجن پر مملکت سعودی عرب کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
سعودی عرب کا قومی پرچم مستطیل (لمبوتری) شکل کا ہے۔ اس کی چوڑائی اس کی لمبائی کے 2تہائی کے برابر ہے۔ اس کا رنگ سبز ہے۔ پرچم کے بیچ میں کلمہ توحید (لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ) خط ثلث میں تحریر ہے۔کلمہ کے نیچے عربی تلوار بنی ہوئی ہے۔ اس کے دستے کا رخ پرچم کے اسٹینڈ کی جانب ہے۔ تلوار اور کلمے کا رنگ سفید ہے۔ زمین سبز ہے۔ رسم الخط عربی ہے جو اسلام سے نسبت کی علامت ہے۔سعودی عرب کاقومی پرچم در اصل شان وشوکت اور شناختی اقدار پر مشتمل ایک کھلی کتاب ہے۔ یہ 1727 عیسوی سے تین صدیوں پر محیط سعودی ریاست کے عظیم قائدین کی عظیم قربانیوں کی دستاویز ہے۔
مملکت سعودی عرب کا جھنڈا گہرے مذہبی مفہوم اور عظیم قومی معانی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ کلمہ توحید (لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ) روشن لفظوں میں جھنڈے کے بیچ میں تحریر ہے۔ یہ اللہ کی وحدانیت اور حضرت محمد ﷺ کے خاتم النبیین ہونے کا برملا اعلان ہے۔ اس عقیدہ کی حفاظت اور اس کی سربلندی کے لئے ہر ممکن اقدام کا عہد وپیمان ہے۔ اسی کلمہ کی بنیاد پر لوگ متحد ہوئے۔ اسی پر بیعت ہوئی، اسی کی حفاظت کی خاطر بے مثال قربانیوں کی خوب صورت داستانیں لکھیں گئیں۔
سعودی پرچم میں سبز رنگ گہری اور قدیم تاریخ کی علامت ہے۔ یہ تاریخ اس زمین پر سبز درختوں کے وجود کی طرح قدیم ہے۔ یہ سخاوت وفیاضی اور ان عظیم انسانی اصول واقدار کی بھی عکاسی کرتا ہے جو سعودی عرب کے باشندوں کی امتیازی خصوصیت ہے۔سعودی پرچم میں تلوار اس بات کی علامت ہے کہ توحید اور نفاذ شریعت کے سلسلے میں ریاست کسی لاگ لپیٹ سے کام نہیں لے گی۔ یہ عزت وانصاف اوربہادری کا نشان امتیاز ہے۔ظلم اور نا انصافی سے ہر ممکن مقابلہ کا اعلان ہے۔سعودی عرب اپنے عقیدہ اور تشخص کی حفاظت نیز انصاف ورواداری پر مبنی اپنے بے لچک اصولوں کی بناپر عالمی سیاست میں اہم مقام رکھتاہے۔
سعودی عرب سے وابستگی ہر اہل وطن، مقیم اور مسلمان کے لئے باعث عزت اور فخر ہے۔سبز سعودی پرچم کو آسمان پر بلند ہوتے دیکھ کر عجیب سی خوشی محسوس ہوتی ہے۔
کلمہ توحید جس سے تمام مسلمانوں کا رشتہ ہے،اس کی حفاظت اور دفاع ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ اور سعودی عرب پورے خلوص، قربانی اور لگن کے ساتھ اسےانجام دے رہا ہے… ساتھ ساتھ ملت اسلامیہ اور حرمین شریفین کی بے مثال خدمت کا نمونہ پیش کر رہا ہے۔
سعودی قومی پرچم کا دن اللہ تعالیٰ کی نعمت وفضل کو یاد کرنے کا ایک سنہری موقع ہے۔ ہر شخص اس موقع پر رب کا شکر ادا کرے۔ اور ملک کی سربلندی کے لیے کوشاں رہے۔آخر میں رب العزت سے دعاہےکہ وہ اس ملک میں توحید اور امن کی نعمت ہمیشہ قائم رکھے، اس کے حکمرانوں اور عوام کی حفاظت کرے۔اس ملک کو عظمتوں اور بلندیوں کی طرف رواں دواں رکھے۔ آمین

Related posts

حج 2024: کیرالا کی خواتین سب سے بڑی تعداد میں بغیر محرم کے حج کریں گی

www.samajnews.in

اننت امبانی-رادھیکا مرچنٹ کی پری- ویڈنگ سیرومنی میں پہنچی دنیا بھر کی مشہور ہستیاں

www.samajnews.in

عامر سلیم خان!بے باک ودیانتدار صحافت کا پاسدار

www.samajnews.in