نئی دہلی : کین ولیمسن کی قیادت والی نیوزی لینڈ ٹیم ٹی -20ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی ہے ۔ پہلے سیمی فائنل میں اس کو پاکستان نے سات وکٹ سے ہرایا ۔ اسی کے ساتھ نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ جیتنے کا انتظار ابھی بھی جاری ہے ۔ ٹیم اب تک ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے علاوہ ون ڈے ورلڈ کپ کا خطاب بھی نہیں جیت سکی ہے ۔ ون ڈے ورلڈ کپ 1975 سے کھیلا جارہا ہے ۔ یعنی 47 سال سے کیوی ٹیم کوئی خطاب نہیں جیت سکی ہے ۔ اس دوران اس کو 12مرتبہ ٹی -20یا ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل یا فائنل میں ہار ملی ہے ۔ میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹ پر 152 رنز بناسکی تھی ۔
47 سال سے کیوی ٹیم کوئی خطاب نہیں جیت سکی،بارہویں مرتبہ سیمی فائنل میں ملی ہار
جواب میں پاکستان نے ہدف کو تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ محمد رضوان نے 57 اور بابر اعظم نے 53 رنز بنائے ۔ دونوں نے پہلی وکٹ کیلئے 105 رنز کی بڑی شراکت داری کی ۔نیوزی لینڈ کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے ریکارڈ کو دیکھیں تو اس نے 2007 میں سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، تب اس کو پاکستان نے ہی چھ وکٹ سے ہرایا تھا ۔ پھر 2016 میں بھی ٹیم آخری چار میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی تھی، تب اس کو انگلینڈ سے مات ملی تھی ۔ پچھلے سال کیوی ٹیم نے فائنل تک کا سفر طے کیا تھا ۔ فائنل میں اس کو آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں سے مات دی تھی ۔ یعنی ٹیم ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں چار مرتبہ خطاب کے نزدیک پہنچی۔ وہیں ون ڈے ورلڈ کپ کی بات کریں تو اب تک بارہ سیزن ہوچکے ہیں ۔ اس دوران نیوزی لینڈ نے دو مرتبہ فائنل اور چھ مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ پکی کی ہے ۔ 1975 اور 1979 میں ٹیم سیمی فائنل سے باہر ہوئی تھی ۔ پھر 1992، 1999، 2007 اور 2011 میں ایک مرتبہ پھر ٹیم کو سیمی فائنل میں ہار ملی ۔ وہیں 2015 اور 2019 میں تو ٹیم فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی تھی، لیکن دونوں خطاب نہیں جیت سکی ۔ 2015 میں اس کو آسٹریلیا نے جبکہ 2019 میں اس کو انگلینڈ سے باونڈی کاونٹ قانون کے تحت ہار ملی تھی ۔