پلیٹ لیٹس کی بجائے موسمی جوس چڑھانے سے مریض ہلاک، اسپتال سیل
پریاگ راج، سماج نیوز: اتر پردیش کے پریاگ راج میں ایک پرائیویٹ اسپتال میں پلیٹلیٹس کے بجائے موسمی جوس چڑھانے سے ڈینگو کے مریض کی موت کے چونکا دینے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت نے اسپتال کو فوری طور پر سیل کر دیا ہے ۔اس معاملے کو بے نقاب کرنے والا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد جمعہ کو نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت برجیش پاٹھک نے اس کا نوٹس لیا اور فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ اس پرائیویٹ اسپتال کی سنگین لاپروائی کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے ان کے حکم پر اسپتال کو سیل کردیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے ، تاکہ قصورواروں کی نشاندہی کی جاسکے اور ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔پولس نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے شہر کے جارج ٹاؤن علاقے میں اس واقعہ کے سلسلے میں ایک مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ جارج ٹاؤن پولس اسٹیشن میں کیس درج کرنے کے بعد تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس معاملے میں پریاگ راج کے بامرولی کے رہنے والے پردیپ پانڈے کو ڈینگو کی وجہ سے 14اکتوبر کو جھلوا کے گلوبل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال کے ہیلتھ ورکرز نے مریض کو پلیٹ لیٹس دینے کے بجائے موسمی جوس چڑھادیا۔ اس کے بعد پانڈے کی حالت بگڑنے پر 17اکتوبر کو انہیں دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے اسپتال کو سیل کر دیا اور معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔