27.8 C
Delhi
مارچ 27, 2025
Samaj News

شوق کے بجائے اپنی ذمہ داریوں کو اداکرنیوالے بنیں: مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی

جلوس محمدی ؐ کی تیاریاں عروج پر ،پٹکاپور میں میٹنگ کا انعقاد ،جمعیۃ علماء کے عہدیداران کی شرکت:
کانپور،سماج نیوز؍پریس ریلیز: جلوس محمدیﷺ کی تیاریاں شہر میں زور و شور سے جاری و ساری ہیں۔ اس میں شامل ہونے والی انجمنوں نے بھی اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ کچھ انجمنوں نے رضاکارانہ طور پر جلوس محمدیﷺ میں جمعیۃ علماء کیلئے اپنی خدمات دینے کی بھی پیشکش کی ہے۔ اسی سلسلے میں نوجوانان پٹکاپور کی جانب سے جلوس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی ، شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کیساتھ جمعیۃ علماء کے عہدیداران نے شرکت کی۔ میٹنگ سے خطاب کے دوران مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے مرکزی جلوس محمدیﷺ کی تاریخ ، اس کے پس منظر سمیت جمعیۃ علماء کی قیادت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی دور میں اس جلوس میں مسلمان اور غیر مسلم دونوں مشترکہ طور پر اس میں حصہ لیتے تھے۔ گزشتہ 75برسوں سے جلوس کی قیادت جمعیۃ علماء کر رہی ہے، اس کے سارے انتظامات، ضروریات کی تکمیل ، شہری انتظامیہ کے ساتھ مسائل کو حل کرنے سمیت تمام امور پر جمعیۃ علماء کے ذمہ داران ہفتوں پہلے سے کام شروع کر دیتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ایک طرف تو یہ جلوس حضورؐ کی ولادت باسعادت کی طرف منسوب ہے دوسری جانب ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی بھی ایک بڑی نشانی ہے۔ جلوس ہمیں رسول اللہﷺ کی سیرت پر عمل کرنے کا پیغام دیتا ہے، اسی کے ساتھ ساتھ ایک بڑا پیغام یہ بھی دیتا ہے کہ کسی بھی حالت میں ظلم کے آگے جھکنا اور کمپرومائزنہیں کرنا ہے۔ ہمیں آج بھی کوئی ایسا کام نہیں کرنا ہے جس سے ظالم طاقتوں اور دشمنوں کو کچھ کہنے کا موقع ملے۔ جلوس ہم سب کا ہے، ہمارے نبیؐ کی طرف منسوب ہے، اسے ہمارے بزرگوں کے ذریعہ ان کی قیادت میں نکالا گیااور جلوس میں ہم ہی کوئی ایسا کام کریں جس سے دیکھنے والوں کو ہم پر انگلی اٹھانے کا موقع ملے تو یہ ہمارے لئے کتنی شرمندگی کی بات ہے۔ لہٰذا ہر شخص اپنے آپ کو ذمہ دار بنائے، کئی بڑے ذمہ داران اب ہمارے درمیان نہیں ہیں، ذمہ داریاں منتقل ہو رہی ہیں، احساس ذمہ داری کے ساتھ جلوس کو بہتر سے بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سب کو جلوس میں ساتھ چلنے، ڈی جے بجانے ، گاڑی لگانے کا شوق ہوتا ہے، لیکن ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ ہمیں اپنا شوق پورا کرنا ہے یا ذمہ داریوں کو پورا کرنے والا بننا ہے، اس لئے جلوس کیلئے جس کو جو ذمہ داری سپردکردی جائے ، اسے ادا کرنے کیلئے تیار رہیں۔ مولانا نے کہا کہ جلوس میں ہمیں کسی سے الجھنا نہیں ہے، اگر کوئی غیر شخص آکر ہمارے جلوس میں تماشہ کرکے چلا جائے تو اس سے دوسرے کی نہیں بلکہ ہماری آپ کی بدنامی ہوگی۔ کہیں اگر کوئی بات ہو تو ہمیں اس کو اس انداز سے پیار و محبت کیساتھحل کرنا ہے کہ لوگوں کو پتہ بھی نہ چلے۔ اپنے بڑوں کے گزر جانے کے بعد جلوس میں ہمارا پہلا تجربہ ہوگا ، اگر ہم سب مل کر جلوس کو پر امن طریقے سے نکال لیں گے تو اس سے پورے شہر کو ایک پیغام یہ بھی دیں گے کہ ٹھیک ہے مشیعت خداوندی کے سبب ہمارے بڑے اب ہمارے درمیان نہیں ہیں ، لیکن ان کی رہنمائی ابھی زندہ اور باقی ہے اور وہ جو ہمیں رہنمائی دے کر گئے ہیں، اس میں ہم لوگ ابھی بھی جلوس کو مکمل طور پر امن کے ساتھ نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سکریٹری زبیر احمد فاروقی نے نوجوانوں سے درخواست کی کہ جلوس میں شائیستگی کا مظاہرہ کریںاور جذبات میں نہ بہیں، صبر و تحمل سے کام لیں۔ میٹنگ میں نوجوانوں کو جلوس کو پرامن نکالنے کیلئے مختلف ذمہ داریاں سپرد کی گئیں۔ اس کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی مفید مشوروں سے نوازا۔ اس سے قبل مولانا کلیم احمد جامعی نے تلاوت قرآن پاک سے میٹنگ کا آغاز کیا۔ میٹنگ میں مفتی اظہار مکرم قاسمی ، مولانا محمد طاہر قاسمی،مولانا اظہر منیر، قاری عبد المعید چودھری، قاری محمد انیس صابری، شارق نواب ، صادق امین،اعجاز حسن ، محمد چاندکے علاوہ کثیر تعداد میں مقامی عوام خصوصاً نوجوان موجود رہے۔

Related posts

راہل کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ پر دہلی والوں نے خوب لٹایا پیار

www.samajnews.in

قرآن تمام انسانوں کیلئے لائق تعظیم اور قابل اعتماد کلام: مفتی محمد صادق مظاہری

www.samajnews.in

دہلی-پنجاب کے لوگوں کو مفت بجلی ملتی رہے گی

دہلی میں 30لاکھ اور پنجاب میں 50لاکھ خاندانوں کا بجلی کا بل صفر آتا ہے:آتشی:

www.samajnews.in