31.1 C
Delhi
مئی 24, 2025
Samaj News

بی جے پی اور ایل جی سکسینہ آئین کا قتل کررہے ہیں: آتشی

نئی دہلی، سماج نیوز: عام آدمی پارٹی نے نامزد کونسلروں کو ووٹ دینے کی بی جے پی کی غیر آئینی اور غیر قانونی سازش کے خلاف ہفتہ کی صبح ایل جی ہاؤس کا گھیراؤ کیا۔ احتجاج کی قیادت ایم ایل اے آتشی، کلدیپ کمار، سومناتھ بھارتی اور ’آپ‘ لیڈر عادل احمد خان نے کی۔ اس دوران عام آدمی پارٹی کے کارپوریٹروں، ایم ایل ایز اور کارکنوں نے ایل جی اور بی جے پی کیخلاف نعرے لگائے۔ عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ ایل جی ونے کمار سکسینہ ایم سی ڈی میں تمام اصولوں کی دھجیاں اڑا کر آئین کا قتل کر رہے ہیں۔ ایل جی کو انتباہ دیتے ہوئے ’آپ‘نے کہا کہ ہم سڑک سے پارلیمنٹ تک آئین کی حفاظت کے لیے اس جدوجہد کوجاری رکھیں گے۔اس موقع پرعام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور کالکاجی سے ایم ایل اے آتشی نے کہا کہ آج ہم سب ایل جی صاحب سے جمہوریت کا قتل بند کرنے کے لیے آئے ہیں، ایم سی ڈی انتخابات اپریل میں ہونے والے تھے لیکن بی جے پی خوفزدہ تھی، وہ جانتے تھے کہ بی جے پی نے پچھلے 15 سالوں میں جتنی کرپشن اور لوٹ مار کی ہے اسکی وجہ سے دہلی کے لوگ انہیں باہر پھینک دیں گے،اس نے سب کچھ آزمایا، وہ یہ اصول لیکرآئے کہ صرف ایک ایم سی ڈی ہو گی، 3،ایم سی ڈی نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اپنی خواہش کے مطابق حد بندی کی تاکہ وہ زیادہ سیٹیں جیت سکیں، گجرات انتخابات کے وقت ایم سی ڈی کے انتخابات ہوئے،لیکن انکی ہر ممکن کوشش کے باوجود دہلی کے لوگوں نے بی جے پی کو ایم سی ڈی سے باہر پھینک دیا،بی جے پی ایک ایسی پارٹی ہے جو آئین و جمہوریت کا احترام نہیں کرتی،عام آدمی پارٹی بھاری اکثریت کے باوجود اپنی حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہے، اس نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے، وہ مختلف ریاستوں میں آپریشن چلاناپڑتا ہے۔ انہوں نے دہلی اور پنجاب میں بھی کوشش کی لیکن وہاں محب وطن ایم ایل اے تھے،عام آدمی پارٹی کے ایم ایل ایز نے انہیں مناسب جواب دیا اور دہلی میں ایک بھی ایم ایل اے نہیں بیچا گیا، اسی طرح ہمارے کونسلروں کو بھی پیسے کا لالچ دیا گیا، ڈرایا گیا۔ کل ووٹنگ سے پہلے بھی عام آدمی پارٹی کے کونسلروں کو بی جے پی کے لوگوں کی طرف سے پیسوں کی پیشکش کرنے والے فون آئے، لیکن مجھے فخر ہے کہ اتنے بڑے لالچ دینے کے باوجود، عام آدمی پارٹی کا ایک کونسلر بھی نہیں گیا۔آتشی نے مزیدکہاکہ جیسے ہی بی جے پی سمجھ گئی کہ عام آدمی کے کونسلر ٹوٹنے والے نہیں ہیں، انہوں نے غیر قانونی اور غیر آئینی کوششیں شروع کر دیں، انہوں نے سب سے پہلے غیر آئینی طریقے سے پریزائیڈنگ آفیسرکاتقرر کیا، پورے ملک میں چاہے وہ راجیہ سبھا ہو، لوکسبھا ہو، ہر ودھان سبھا ہو، ایم سی ڈی ہو، سب سے سینئر ممبر کو پریزائیڈنگ آفیسر بنایا جاتا ہے،یہ پورے ملک کی آئینی روایت رہی ہے، لیکن بی جے پی نے کیا کیا؟ کیونکہ سب سے سینئر ممبر ہماری پارٹی کے مکیش گوئل ہیں، انہوں نے آئین کو برقرار رکھتے ہوئے بی جے پی کے ایک کونسلر کو پریزائیڈنگ آفیسر بنایا، اسکے بعد اس نے ایک اور غیر آئینی اور غیر قانونی عمل کیا وہ جو نامزد ممبران ہیں جن کے نام ایل جی کو دہلی حکومت نے دی ہے، ایل جی صاحب نے آئین کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبران کو نامزد کیااور کل سب سے بڑی سازش ایل جی صاحب اور بی جے پی نے کی تھی،وہ گزشتہ روز میئر کے انتخاب میں نامزد ارکان کو ووٹ دینے کی کوشش کر رہے تھے، یہ انکی سازش تھی۔’آپ‘کے ممبر اسمبلی کلدیپ کمار نے کہا کہ بی جے پی اپنا میئر ہاؤس میں بنانا چاہتی تھی، اسلئے انہوں نے مکمل غنڈہ گردی کی، ہمارے کونسلرز کو مارا پیٹا گیا، بی جے پی کی چال، کردار اور چہرہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ غنڈہ گردی کرتے ہیں لیکن آج ایل جی صاحب جن پر آئین کی حفاظت کی ذمہ داری تھی، انہیں بابا صاحب امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کی حفاظت کرنی چاہئے، آج وہ دہلی کی منتخب حکومت کو نظرانداز کرکے انہیں نامزد کونسلر بنانے کا کام کرتے ہیں، پروٹرم ممبر ہمیشہ سینئر ممبر ہوتا ہے لیکن اس نے جونیئر کونسلر بنا دیا تو یقیناً آج ایل جی آئین کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ دہلی کے ایم سی ڈی میں بی جے پی کا میئر برقرار رہے۔ ’آپ‘ لیڈر عادل احمد خان نے کہا کہ گزشتہ 15 سالوں سے ایم سی ڈی پر بی جے پی کی حکومت تھی، بی جے پی نے ایم سی ڈی کو لوٹ کا اڈہ بنا دیا تھا پوری دہلی کو بھی لوٹ لیاتھا، آج بی جے پی نے پوری دہلی کو کوڑا کر کے رکھ دیا تھا، اب ایل جی صاحب اور بی جے پی چور دروازہ سے ایم سی ڈی میں دوبارہ حکومت کرناچاہتے ہیں، آئین پر حملہ کرکے، آئین کو ہولڈ پر رکھ کر سب سے پہلے انہیں پریزائیڈنگ آفیسر بنایا،اسکے بعد انکے مطابق انہوں نے 10 نامزد کونسلرز کا انتخاب کیا جو کہ غلط ہے اور اسکے بعد حد ہو گئی جب بی جے پی عوام کے منتخب کونسلروں کے سامنے نامزد کونسلروں کو حلف دلانے کی کوشش کر رہی تھی،یہ مکمل طور پر غیر آئینی ہے، آج ہم سب یہاں اسوجہ سے جمع ہوئے ہیں کہ جس طریقے سے آپ آپریشن لوٹس چلاکردوسری ریاستوں میں حکومتیں گراتے ہیں،دہلی میں ایسا نہیں ہونے دیا جائیگا، منتخب حکومت کو کام کرنے دیں،حکومت کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے دیں۔

Related posts

وقف ترمیمی قانون: مسلمانانِ ہند کیلئے بابری مسجد کی شہادت سے بڑا سانحہ

www.samajnews.in

نئے سال پر ڈی ڈی اردوکی خصوصی پیشکش ’’ہنستی رہے زندگی ‘‘

www.samajnews.in

ایم ای پی کا دہلی کے ایم سی ڈی الیکشن میں امیدوار اتارنے کا فیصلہ

www.samajnews.in