لونی، سماج نیوز: 26جنوری 2023بروز جمعرات صبح 9بجے’’جامعہ صدیقیہ‘‘چمن وہارلونی ،غازی آبادمیں بڑے تزک واحتشام کے ساتھ یوم جمہوریہ منایا گیا۔جس میں تلاوت کلام پاک جامعہ کے ایک مؤقر استاذ قاری شوکت نے فرمائی اور جامعہ کے استاذ قاری شائق نے اپنی بہترین آواز میں نعتیہ کلام پیش کیا ۔جامعہ کے مؤقراستاذ مولانا محمد اعظم امام وخطیب مسجد اللہ نورنے بھی اس موقع پر اپنے گرانقدر خطاب سے نواز۔ اس کے بعد جامعہ کے روح ِرواں اور مہتمم ومدرس اورجامعہ کے ذمہ دار قاری مقطورعالم رشیدی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر عزیزطلباء وسامعین کو مخاطب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ کی اہمیت اوراس کی معنویت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 26جنوری کادن ہم وطنوں کے لئے ایک خوشی کا دن ہے۔ اسی دن ہمیں اس ملک میں آئین نصیب ہوا اور ہمارے آباء واجدادنے بلا مسلک ومذہب مل کر اس ملک کو آزاد کرانے کی مکمل کوشش کی اور وہ اس میں کامیاب بھی ہوئے۔یہ دن آج ہمیں اپنے انہیں عظیم سپوتوں اور مجاہدآزادی کی یاددلاتی ہے جن کی وجہ سے آج ہم اس ملک میں سکون واطمینان کی سانس لے رہے ہیں اور جن کی قربانیوں اور کاوشوں کی وجہ سے آج ہم سب اس ملک کی گنگاجمنی تہذیب میں شریک ہوکر ایک ساتھ مل کرکندھے سے کندھاملاکر چلنے کی کوشش کرتے ہیں اور چل رہے ہیں۔ ہمیں آپسی اختلافات کو مٹاکر ایک ہوناچاہیے اور ملک وقوم کی تعمیر وترقی میں ہمہ وقت لگ جانا چاہیے اس ملک میں ہم سب ہندومسلم ایک ہیں یہاں پر کسی قسم کاکوئی بھید بھاؤنہیں ہے ان باتوں کا اظہار جامعہ کے روح رواں قاری مقطورعالم رشیدی یوم جمہوریہ کی تقریب میں عزیز طلباء وعوام سے کررہے تھے اوران کو اس بات کی طرف توجہ دلارہے تھے کہ ہم سب ایک ہیں ہمیں آپس میں اخوت ومحبت کے ساتھ رہناچاہیے کسی قسم کی آپسی رنجش نہیں رکھنی چاہیے۔
اس کے بعدبچوں نے راشٹرگان گایا اور قومی ترانہ بھی پیش کیا جس سے عوام بہت لطف اندوز ہوئے۔ اس کے بعد سابق سبھا سدجتیندرعرف جیتوبھائی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر عزیز طلباء وعوام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ایک ساتھ رہناچاہیے آپسی اختلافات سے بچنا چاہیے کیونکہ ہم سب ایک ہی پریوار کے لوگ ہیں اور ہمیں آپس میں کوئی ذاتی بھید بھاؤنہیں کرناچاہیے بلکہ سب کو مل کراپنے اس حلقہ چمن وہارلونی کی ترقی کی فکر کرنی چاہیے اور ہم سے جوہوسکے گا ہم آپ کا برابرتعاون ومددکرتے رہیں ۔اس پر سبھاسد نے زور دیا اور آپسی بھائی چارے کو بنائے رکھنی کی تلقین کی اور کسی کے ساتھ کسی طرح کی ظلم وزیادتی نفرت وتعصب اور بھیدبھاؤسے دوررہنے کی بات کہی ۔اس موقع پر کثیر تعداد میں لوگ شریک رہے۔جن میں سابق صدرمسجدعبداللہ عین الحق، طاہرنیتا، ببلی بھائی، شاہد بھائی مرغاوالے، چاندبھائی، بھائی خورشید،بھائی شبیر نل والے، سابق سبھا سدبھائی سرفراز انعام وہار، بھائی سنیل پانڈے جی وغیرہم حافظ مقطورعالم نے لوگوں کو مختصرطورپرچائے وغیرہ پلاکر ان کو رخصت کیا۔