انتہائی رنج و غم کے ساتھ یہ اطلاع دی جا رہی ہے کہ آج بتاریخ ۵ محرم ۱۴۴۶ ھ بمطابق 12 جولائی 2024 ء بعد نماز جمعہ تقریبا دو بجے سابق شیخ الحدیث و سابق ناظم جامعہ اور سابق امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث متحدہ آندھرا پردیش فضیلت الشیخ مولانا عبد الباسط جامعی ریاضی کا ایک اپنے آبائی وطن رائید رگ میں اس دارفانی سے دار البقاء کی طرف رحلت کر گئے ۔
إِنَّا لِلهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔ اللهم اغفر له وارحمه وعافه واعف عنه واعذه من عذاب القبر و عذاب النار وادخله الفردوس الاعلى آمين يارب العالمين إِنَّ العَيْنَ تَدْمَعُ ، والقَلْبَ يَحْزَنُ ، ولا نَقُولُ إِلَّا ما يَرْضى رَبُّنَا، وَإِنَّا بِفِراقِكُمْ لَمَحْزُونُونَ۔
شیخ محترم نے آج مسجد جامعہ محمد یہ اہل حدیث ( مرکزی مسجد ) رائید رگ میں نماز جمعہ ادا کی ، نماز اور دعاؤں سے فارغ ہو کر پیدل گھر کی طرف جا رہے تھے کہ اچانک معمولی ٹھوکر لگنے سے گر گئے، چوٹ لگنے سے تکلیف شروع ہوئی ، گھر لے جایا گیا ، گھر پہنچ کر تھوڑی ہی دیر میں وفات پاگئے ۔ شیخ موصوف کہنہ مشق مدرس، با کمال داعی مشفق مربی ، بعض کتابوں کے مصنف تھے، اعلیٰ و مثالی اخلاق کے مالک اور بڑے ملنسار تھے۔ شیخ محترم جنوبی ہند کےکبار علماء میں شمار ہوتے تھے، جامعہ محمد یہ عربیہ رائید رگ کے طویل مدت تک ناظم اور شیخ الحدیث اور مجلس منتظمہ کے رکن تھے، آخری ایام تک مدرسہ فاطمۃ الزہراء للبنات را ئیدرگ کے تعلیمی نگران اور استاذ رہے، مرکزی مسجد اہل حدیث را ئیدرگ کے متولی تھے متحدہ آندھرا پردیش کے سابق امیر اور مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کے سابق رکن تھے، مرکزی جمعیت ابنائے قدیم جامع محمد یہ عربیہ رائید رگ کے سر پرست اعلیٰ تھے، جامعہ کے سالنامہ اسلسبیل اور دو ماہی الرشد کے سر پرست شروع تا حال رہے۔ الحمد للہ آپ پوری زندگی درس و تدریس، دعوت وتبلیغ تعلیم و تربیت اور جماعت اور جمعیت کی خدمت میں لگے رہے۔ یقینا آپ کا انتقال جامعہ، جماعت وجمعیت اور ملک کے لیے عظیم علمی خسارہ ہے۔
پسماندگان میں بیوہ اور دولڑ کے اور چار لڑکیاں ہیں ، اللہ تعالی انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔اس موقع پر ذمہ داران جامعہ، اساتذہ، طلبہ، اور ابناء قدیم جامع محمد یہ عربیہ رائید رگ آپ کے انتقال پر گہرے رنج والم کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی آپ کے اہل و عیال اور جملہ متعلقین و حسین کو صبر جمیل اور اجر جزیل عطا فرمائے ، آپ کے ہزاروں شاگردوں کو آپ کے لیے صدقہ جاریہ بنائے ، آپ کے حسنات و خدمات کو شرف قبولیت بخشے، بشری لغزشوں و کوتاہیوں کو معاف فرمائے ، جنت الفردوس میں جگہ دے۔ آمین۔ نوٹ: آپ کی نماز جنازہ کل بروز ہفتہ بعد نماز ظہر مسجد جامع محمد بیداہل حدیث ( مرکز) بلاری روڈ رائید رگ میں ادا کی جائے گی ۔ ان شاء اللہ۔فارغین جامعہ معزز علماء کرام، احباب جماعت اور تمام مہمانوں کے لیے رہائش اور ناشتہ و ظہرانہ کا انتظام جامعہ محمد یہ عربیہ کنیکل روڈ، اور محمدیہ رائید رگ میں رہے گا۔ ان شاء اللہ۔ رابطہ نمبرات: 9533448071,9347967042 ,9440699505
شریک غم
ابو حمدان اشرف فیضی
ناظم جامعہ محمد یہ عربیہ را ئیدرگ
آپ کی وفات جماعت، جمعیت اور ابنائے جامعہ کیلئے عظیم نقصان:عتیق الرحمن جامعی رائیدرگ
ہم سب کے مربی ومعلم استاذ الاساتذہ فضیلۃ الشيخ عبد الباسط ریاضی رحمہ اللہ، سے بعد نماز جمعہ مرکز میں ملاقات ہوئی، بہت ہشاش وبشاش نظر آرہے تھے، ہجرت نبی صل اللہ علیہ وسلم سے حاصل ہونے والے دروس جو خطبہ جمعہ کا موضوع تھا، اس پر شیخ رحمہ اللہ نے کئی ایک تعلیقات کو جوڑا فجزاہم اللہ خیرا ،اور ڈھیر ساری دعاؤں سے نوازا،ملاقات کے دس منٹ کے بعد یہ اندوہناک خبر ملی کہ شیخ رحمہ اللہ اب دنیا میں نہیں رہے، ان العین لتدمع والقلب لیحزن، آپ کی وفات جماعت، جمعیت ، اور ابناء کے لئے عظیم نقصان ہے، اللہ آپ کے جملہ خدمات کو قبول فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین