جلسہ دستاربندی و ردائے فضیلت و تقسیم اسناد کے پروگرام کا انعقاد
بلرامپور، سماج نیوز سروس: اترپردیش مشرق ضلع بلرامپور 17فروری 2024بروز ہفتہ موضع سیکھوئیا گونڈہ روڈ تحصیل اترولہ جامعہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات کے صحن میں ردائے فضیلت تقسیم اسناد و سالانہ انجمن کی ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔موضع بیت النور المعروف بہ بیت نار کے ایک مشہور و معروف علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے فضیلۃ الشیخ نورالدین المدنی حفظہ اللہ نے سن 2010 عیسوی میں مرکز الامام احمد بن حنبل التعلیمیہ والخیریہ تنظیم کی تشکیل دی جسکے زیر انتظام اقراء پبلک اسکول و بہت سے رفاہی و دعوتی کام کرنے والے مختلف شعبہ جات کے ساتھ شعبہ حفظ و تجوید مدرسہ ابی ابن کعب لتحفیظ القرآن الکریم للبنین و جامعہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات سیکھوئیا کی بنیاد رکھی جہاں پر آج اس عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں 2بچوں عزیزم حافظ عبیداللہ سلمہ طیب پور و عزیزم حافظ محمد انیس سلمہ بسکوہر کو حفظ قرآن کریم کی دستار و گرانقدر انعامات سے نوازا گیا اور 5 بچیوں عزیزہ فرحین جلال الدین سلمہا، طیب پور عزیزہ شادماں نورالدین مدنی سلمہا، بیت النور عزیزہ فریحہ ظفرالدین سلمہا، بیت نار عزیزہ ثناء اکرام الدین بیت نار عزیزہ حمیراء شمیم احمد سلمہا ببھن پوروہ کو ردائے فضیلت و اسناد نیز سلائی مشین کے ساتھ بیش قیمتی تحائف سے نوازا گیا۔
اس عظیم الشان تعلیمی برنامج میں فضیلۃ الشیخ نورالدین مدنی حفظہ اللہ نے ملک ہندوستان کے جماعت اہل حدیث کے کبار علماء جن کو مدعو کیا تھا ان میں سے عالمی شہرت یافتہ علماء کرام کی فہرست بڑی طویل ہے جن میں سے اخص الخواص علماء کرام کے اسماء گرامی میں سے کل ہند جماعت اہل حدیث کی ملکی و غیرملکی پیمانے پر قیادت کرنے والے فضیلۃ الشیخ اصغرعلی امام مہدی حفظہ اللہ نیز اترپردیش مشرق کے جماعت اہل حدیث کی صوبائی سطح پر قیادت کرنے والے فضیلۃ الشیخ شہاب الدین مدنی حفظہ اللہ و سعودی عرب کے مشہور و معروف علاقہ بریدہ القصیم کے داعی و مبلغ کے حیثیت سے کئی سالوں سے دعوت و تبلیغ کا کام انجام دینے والے فضیلۃ الشیخ ریاض الدین مدنی حفظہ اللہ و جامعہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات تلسیاپور چوراہا ضلع سدھارتھ نگر کے بانی و جامعہ قاسم العلوم گلرہا ضلع بلرامپور کے پرنسپل مفکر اسلام فضیلۃ الشیخ الحاج مولانا مقیم الدین مدنی حفظہ اللہ کے مندوب فضیلۃ الشیخ سید عرفان الحق ہاشمی (Hashmi King) حفظہ اللہ و جامعہ اسلامیہ دریاآباد کے داعی و مبلغ فضیلۃ الشیخ عبدالسمیع مدنی حفظہ اللہ و عالمی شہرت یافتہ ادارہ جامعہ سراج العلوم بونڈیہار کے شیخ الجامعہ فضیلۃ الشیخ ثناء اللہ سلفی حفظہ اللہ ضلع بلرامپور کے جنوبی حصے کے درمیان جماعت اہل حدیث کی نمائندگی کرنے والے ممتاز مدرسہ جامعہ دارالہدیٰ گڑرہیا کے وکیل الجامعہ فضیلۃ الشیخ عبداللطیف سلفی حفظہ اللہ بڑھنی چافہ علاقہ کے صفہ لائبریری اینڈ دعوہ سینٹر کے سیکرٹری فضیلۃ الشیخ اظہار احمد اثری حفظہ اللہ و سیاسی جماعت پیس پارٹی کے فعال و متحرک علماء کوآرڈینیٹر کے منصب پرفائز فضیلۃ الشیخ کلیم اللہ صدیقی فیضی حفظہ اللہ و دیگر عظیم شخصیات نے شرکت کیا۔
دوران خطبہ استقبالیہ فضیلۃ الشیخ نورالدین مدنی حفظہ اللہ نے اس بچیوں کے سالانہ انجمن کے جشن ردائے فضیلت و تقسیم اسناد کے مبارک موقع پر جملہ شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے ہر کام کو اللہ کی رضا کے لئے اخلاص کے ساتھ کرنے کی تلقین فرمائی بعد ازاں فضیلۃ الشیخ عبدالسمیع مدنی حفظہ اللہ نے تمام اسلامی بچیوں کو دین اسلام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے چونکہ اسلام ہی ساری دنیا میں سب سے سچا اور اچھا و پاکیزہ دین ہے اسی لئے اسلام پر قائم رہنے و اپنے آنے والی نسلوں کی اسلامی تربیت کرنے کی نصیحت کی کافی اسفار کو طے کرکے آئے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر فضیلۃ الشیخ اصغرعلی امام مہدی حفظہ اللہ نے اپنے قیمتی خصوصی خطبہ میں بیان فرمایا کہ بروقت جماعت اہل حدیث میں معترضین و تخریبی ذہن کے لوگوں کی تعداد روز افزوں دن بدن بڑھ رہی ہے جو جماعت اہل حدیث کے فعال و سرگرم افراد پر بےجا انگشت نمائی کرتے رہتے ہیں انہیں چاہئے کہ اپنے ذہن کو تعمیری بنائیں اور جماعت و جمعیت کے تئیں قلبی ہمدردی رکھیں وقت نازک ہے ہر شخص کو اپنے قبر میں اکیلے جانا ہے بنابریں جماعت میں اتحاد و اللہ کی رضا والا کام کرنا چاہئے دوران تقریر شیخ نے جماعت اہل حدیث کے بزرگوں و اسلاف کے کئی ایسے واقعات بیان کئے جس سے تمام شرکاء کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں 36منٹ کے تقریر سے ایسا محسوس ہوا کہ امیر جماعت جمعیت اہلحدیث کے ہر فرد کے لئے کافی فکر مند ہیں اور قلبی محبت کرتے ہیں۔
آخر میں صوبہ اترپردیش مشرق کے جماعت اہل حدیث کے ذمہ دار فضیلۃ الشیخ شہاب الدین مدنی حفظہ اللہ نے اپنے صدارتی کلمات پر اجلاس کو پایۂ تکمیل تک بحسن وخوبی پہنچایا۔اس پروگرام کے انتظامات میں جہاں جامعہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات سیکھوئیا گونڈہ روڈ تحصیل اترولہ ضلع بلرامپور کے تمام عملاء وطلباء نے کافی تگ ودو و محنتیں کیں وہیں پر جامعہ کے رکن انتظامیہ جناب خصال احمد صدیقی نے بھی از اول تا آخر انجمن کی کامیابی میں لگے رہے۔