20.1 C
Delhi
جنوری 24, 2025
Samaj News

کرناٹک میں10مئی کوانتخاب، 13 مئی کو نتائج

نئی دہلی، سماج نیوز: کرناٹک کی 224رکنی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ ایک دن 10مئی کو کرائی جائے گی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ انتخابات کے لیے پولنگ ایک مرحلہ میں 10 مئی کو ہوگی، جبکہ 13 مئی کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پریس کانفرنس کے ذریعے یہ اطلاع دی گئی۔کرناٹک کے ساتھ پنجاب کی ایک پارلیمانی سیٹ (جالندھر) اور کئی ریاستوں کی اسمبلی سیٹوں پر بھی ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔ یوپی کی سوار اور چھامبے، اوڈیشہ کی جھاڑسوگدا، اور میگھالیہ کی شیلانگ اسمبلی سیٹ پر بھی کرناٹک کے ساتھ 10 مئی کو پولنگ ہوگی، جبکہ 13 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔بدھ کو یہاں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ اس بار کرناٹک میں کل 5کروڑ 24لاکھ سے زیادہ ووٹر انتخابی نتائج کا فیصلہ کریں گے ۔ وگیان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے اور ارون گوئل بھی موجود تھے ۔کرناٹک قانون ساز اسمبلی کی مدت 24مئی کو ختم ہو رہی ہے ۔ کرناٹک میں آخری اسمبلی انتخابات مئی 2018میں ہوئے تھے ۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کا نوٹیفکیشن 13اپریل کو جاری کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 20اپریل ہوگی۔ کاغذات نامزدگی 24اپریل تک واپس لیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 10مئی کو ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 13مئی کو ہوگی۔ریاست میں مرد ووٹروں کی تعداد 2.6کروڑ ہے، جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2.5کروڑ ہے ۔ مسٹر کمار نے کہا کہ کرناٹک میں 9.17لاکھ سے زیادہ پہلی بار ووٹ دینے والے آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے ۔انہوں نے کہا’ایڈوانس درخواست کی سہولت کے تحت 17سال سے زیادہ عمر کے نوجوانوں سے 1.25لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے تقریباً 41000 درخواستیں یکم اپریل 2023تک 18سال سے زیادہ عمر کے نوجوانوں سے موصول ہوئیں‘۔ اس کے علاوہ ریاست میں 42756ٹرانسجینڈر ہیں۔ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے ۔مسٹر کمار نے کہا کہ اس الیکشن میں 80سال سے زیادہ عمر کے ووٹر اپنے گھروں سے ووٹ ڈال سکیں گے ۔ کمیشن کے مطابق اس بار ریاست میں ایسے ووٹروں کی تعداد 1215142ہے ۔ریاست میں ووٹنگ کے لیے کل 58ہزار 282پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے ۔ اس بار نو لاکھ سترہ ہزار نئے ووٹرز شامل کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل 24 مئی سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ کرناٹک میں 36اسمبلی حلقے درج فہرست ذاتوں اور 15درج فہرست قبائل کے لیے مخصوص ہیں۔ پولنگ کے لیے ایسے 224 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے جہاں نوجوان ملازمین تعینات ہوں گے جبکہ 100پولنگ اسٹیشنز میں معذور ملازمین ہوں گے ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 104، کانگریس نے 80اور جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) نے 37نشستیں حاصل کی تھیں۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے ایک سوال پر کہا کہ عام آدمی پارٹی کو قومی پارٹی تسلیم کرنے کے حوالے سے جائزہ کا کام جاری ہے ۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی نااہلی کے بعد وایناڈ (کیرالہ) پارلیمانی سیٹ پر ضمنی انتخاب کرانے کے سوال پر چیف الیکشن کمشنر مسٹرکمار نے کہا کہ کمیشن کے پاس خالی نشست پر ضمنی انتخاب کرانے کے لیے چھ ماہ کا وقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں فیصلہ سنانے والی عدالت نے (مسٹر گاندھی کو ہتک عزت سے متعلق کیس میں) فیصلے کے خلاف عدالتی اقدامات کیلئے 30دن کا وقت دیا ہے۔ انہوں نے کہا’اس لئے ہم (ابھی) انتظار کریں گے‘۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ کرناٹک انتخابات میں پیسے کی طاقت کے استعمال کو روکنے کے لیے کمیشن اپنی ٹیم کو مضبوط بنا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2400اسٹیٹک سرویلنس ٹیمیں سخت نگرانی رکھیں گی۔ انیس اضلاع میں 171بین ریاستی چیک پوسٹوں پر نگرانی کی جائے گی، جن میں دوسری ریاستوں کے ساتھ سرحدیں بھی شامل ہیں۔

Related posts

بہار:23خواتین کی جانوروں کی طرح کی گئی نس بندی

www.samajnews.in

رنگوں کا تہوار ہولی کے بارے میں پانچ حقائق

www.samajnews.in

ڈاکٹر رنجیت پاٹل اور صابر کمال سر نے کامران اللہ خان کا کیا استقبال

www.samajnews.in