21.1 C
Delhi
جنوری 23, 2025
Samaj News

قرآن سے شغف رکھنے والا ہمیشہ سرخ رُو رہے گا: ڈاکٹر شہاب الدین مدنی

زاہد آزاد جھنڈانگری

جھنڈانگر؍نیپال ، سماج نیوز: قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا پاک کلام ہے اور تمام لوگوں کے لئے باعث ہدایت وبرکت، اس سے شغف رکھنے والا ہمیشہ سرخرو رہا ہے، اس کی زندگی میں کمال کی برکت دیکھی گئی ہے، قرآن کے سرچشمۂ ہدایت ہونے کی وجہ سے ہر مسلمان کا اس سے دلی لگاؤ رہتا ہے، ہر عمر ہر طبقہ کا بندہ اس کی تلاوت کو باعث خیر وبرکت، اکرام واعزاز سمجھتا ہے، گوناگوں مصروفیات کے باوجود کچھ آیتوں کی تلاوت کرلیتا ہےاور اسے اپنی سعادت سمجھتا ہے،ان زریں خیالات کا اظہار نیپال کے معروف اسلامی اسکالر استاد جامعہ سراج العلوم جھنڈانگر ڈاکٹر شہاب الدیں مدنی حفظہ اللہ نے کیا۔آپ نے آگے گہا کہ حضرت انسان عمر کے آخری پڑاؤ پر رھتے ہوئے بھی بہت ذوق وشوق سے اس کی تلاوت کرتا ہے اور اس لمحہ کو زندگی کا سب سے قیمتی لمحہ ونیک بختی گردانتا ہے۔
دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمان آباد ہے اس کے حفظ ونشر کرنے کا خاص اہتمام کرتا ہے، لیکن اس حوالے سے سعودی حکومت کو منفرد اعزاز حاصل ہے، بہت سی تنظیمیں ہیں جن کا کام مساجد میں حلقات تحفيظ کا قیام، اور اچھے اساتذہ کی نگرانی میں بچوں کو قرآن یاد کروانا ہے بلکہ اس کا دائرہ عورتوں تک پھیلا ہوا ہے اور ان کے لئے بھی خاص انتظام کیا جاتا ہے. قرآن چھپائی کے لئے خاص کمپلیکس قائم کرنا سعودی حکومت کی قرآن پاک سے محبت اور لگاؤ کی ایسی دلیل ہے جو روز روشن کی طرح عیاں ہے، الحمد للہ اس سے پوری دنیا مستفید ہو رہی ہے۔
سعودی عرب مختلف ممالک میں موقع مناسبت سے قرآن مسابقہ کرواتا رہتا ہے، اس میں دامے درمے مدد کرتے رہنا اس کا شیوہ ہے لیکن شاہ عبد العزیز عالمی قرآن مسابقہ جو ہر سال مکہ میں منعقد ہوتا ہے سعودی عرب کا اپنی نوعیت کا منفرد کارنامہ ہے اور مختلف ناحیہ سے نتیجہ خیز ہے، اس میں شمولیت نصیب ہونا ہی منفرد اعزاز بخش دیتا ہے عمرہ کی سعادت، حرمین کی زیارت، عمدہ ہوٹلوں میں ضیافت، ہوائی جہاز سے سیاحت، گورنر ووزراء سے بات ملاقات کا شرف اس سب پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مقدس کتاب کو یاد کرنے سے انسان کس قدر فیضیاب ہوتا ہے، اگر قسمت اچھی رہی اور پوزیشن میں آگیا تو اقتصادی بحران بھی ختم، اچھا خاصا نقد انعام ملتا ہے، شریک ہونے والے طلبہ کے خاندان کی زندگی بدل جاتی ہے. تمام مشارکین خاص کر پوزیشن ہولڈرز کو دلی مبارکباد ہے، اللہ تعالیٰ ان کی زندگیوں کو ہمیشہ قرآن کی برکت سے محظوظ کئے رکھنا۔
جامعہ سلفیہ بنارس کے مخلص ذمہ داران، نیک نیت اساتذہ محنتی طلبہ کے لئے یقیناً خوشی کا لمحہ ہے وہاں کا طالب علم بھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے، دعا ہے اللہ سلفیت کے اس گہوارہ کو مزید مضبوط بنائے، اور اس سے مستفید طلبہ کو قوم وملت کے لئے خیر وبرکت کا باعث بنائے۔
ملک نیپال سے بھی اس مسابقہ میں شرکت رہی ہے، اہل وطن کا اپنا انداز ہے، کوشش جاری رہی تو ہمارے طلبہ بھی پوزیشن حاصل کر سکتے ہیں. اداروں کے ذمہ داران اس جانب خاص توجہ دیں اور قرآن کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے بہتر سے بہتر اساتذہ کا انتظام کریں طلبہ کے معقول انتظام وانصرام کا خیال رکھیں، ضرور انہیں بھی خوشیوں کے لمحات نصیب ہوں گے۔سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد ان کے صاحبزادے محمد جو صاحب فراست وبصیرت ہیں اللہ ان سب کی حفاظت فرما، مملکت کے مقصد قیام کی تکمیل میں ان کا ہر ممکن تعاون فرما، مخلص دیندار افراد کے ذریعہ ان کے عزائم وحوصلے کو تقویت بخش، اور صحیح رہنمائی فرما۔
دینی امور کے وزیر ڈاکٹر عبد اللطیف آل شیخ حفظہ اللہ بہت سرگرم قسم کے فرد ہیں دوراندیشی سے مالامال ہیں دین ودعوت سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں ہمیشہ ملک وملت کے تئیں فکرمند رہتے ہیں بڑے سلیقے اور خوش اسلوبی سے دعوتی امور انجام دیتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو صحت وتوانائی سے نواز، ان کی عمر میں برکت دے، ہم مسلمانوں کے لئے خاص کر جہاں مسلمان اقلیت میں ہیں انہیں مزید دینی دعوتی ورفاہی امور انجام دینے کی توفیق سے نواز۔اللہ سعودی عرب کو سدا سلامت رکھے دشمنو ں کے شر وفساد حاسدین کے حسد سے محفوظ و مامون رکھے۔ آمین

Related posts

ہیراگروپ کی قانونی جنگ

www.samajnews.in

امریکہ کے اسکول میں فائرنگ سے 3معصوم بچوں کی موت

www.samajnews.in

گجرات انتخاب: کانگریس کے واحد مسلم امیدوار عمران کھیڑاوالا نے لہرایا فتح کا پرچم

www.samajnews.in