فلاح انسانیت ایجوکیشنل ٹرسٹ اٹوا کی جانب سے رمواپور پوسٹ پیندا میں دعوتی و اصلاحی پروگرام کا انعقاد
اٹوا بازار، سماج نیوز: رمواپور گاؤں میں فلاح انسانیت ایجوکیشنل ٹرسٹ زیراہتمام ایک مختصر دینی واصلاحی پروگرام منعقد کیا گیا ۔جس کی تفصیل حسب ذیل ہے:
پروگرام کا آغاز ارشاد احمد سلمہ نے خوبصورت انداز میں تلاوت کلام اللہ سے کیا اس کے بعد شیخ عبد السلام سراجی حفظہ اللہ نے نہایت ہی دلنشیں اور عمدہ انداز میں حمد باری تعالیٰ پیش کی، بعدہ باقاعدہ تقریری سلسلہ کا باضابطہ آغاز کیاگیا جس کے سب سے پہلے خطیب پروگرام کے منتظم ومنصرم شیخ ذکر اللہ فیضی حفظہ اللہ تھے، جن کا موضوع سخن تھا ’’سنت کی اہمیت و فضیلت‘‘ موصوف نے بہتر اور عمدہ طریقے سے اپنے موضوع کی وضاحت کی اس کے بعد اس اصلاحی پروگرام کے دوسرے خطیب تھے۔ شیخ شکیل احمد فیضی حفظہ اللہ( متعلم جامعہ اسلامیہ مدینہ منور) موصوف کا موضوع بیاں تھا ’’نماز کی اہمیت و فضیلت‘‘ شیخ نے نہایت ہی عام اور سلیس زبان، اچھوتے لہجے اور دلکش طریقے سے اپنے خطاب کو پیش کیا۔
پروگرام ہذا کے تیسرے خطیب تھے شیخ محمد نسیم الجامعی حفظہ اللہ (متعلم جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ) ان کا موضوع خطاب تھا ’’رزق حلال ہی آخر کیوں‘‘ موصوف نے اپنے موضوع کی مکمل وضاحت کرنے کی کامیاب کوشش کی اور سامعین کے اذہان وقلوب میں اپنی بات اتارنے کی پوری کوشش کی اس کے بعد اس پروگرام کے روح رواں اور علاقے کے شعلہ بیاں نوجوان خطیب شیخ عبد الحسیب سنابلی حفظہ اللہ کی باری تھی جن کا موضوع بیاں تھا’’محرم الحرام اور اس کے بدعات‘‘ شیخ نے بہت سنجیدہ اور دلکش اسلوب میں پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنی بات کو پیش کرنے کی کوشش کی۔ شیخ نے فرمایا ماہ محرم یہ ایک حرمت وعظمت اور تقدس کا مہینہ ہے، اس میں ہمیں اللہ تعالی کی نافرمانی سے دور رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ نیکی وطاعت کے کام کرنے چاہیے، شیخ نے کہا کہ عاشورہ کے روزے کا حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ ہم عاشورہ کا روزہ اپنے نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے رکھتے ہیں، موضوع کے اخیر میں اس حرمت والے مہینے میں پائے جانے والے بدعات وخرافات سے بھی آگاہ کیا اور لوگوں کو ان سے کوسوں دور رہنے کا حکم دیا اس کے بعد اس پروگرام کے آخری کڑی تھے شیخ عبد السلام سراجی حفظہ اللہ شیخ نے مختصر وقت میں ’’شرک کی مذمت‘‘ کے موضوع پر عمدہ اور مدلل خطاب کیا چونکہ گاؤں میں اہل حدیث اقلیت میں ہیں پھر بھی اس مجلس میں سامعین کی اچھی خاصی تعداد موجود تھی اس پروگرام میں شیخ شفاء الرحمن سلفی حفظہ اللہ اور شیخ عبدالقادر متعلم جامعہ سنابل بھی موجود تھے۔