نئی دہلی:کانگریس نے کہا کہ بجٹ ملک کے سماج کے ایک بڑے طبقے کی توقعات کے خلاف ہے اور اس میں ان کے فائدے کیلئے کوئی انتظام نہیں ہے ، اس لیے صرف چند سرمایہ داروں کو ہی اس کا فائدہ ملے گا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم، سینئر ترجمان گورو بلبھ اور کمیونیکیشن کے سربراہ پون کھیڑا نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں، بے روزگاروں، درج فہرست ذاتوں، درج فہرست طبقات کیلئے کوئی راحت نہیں ہے ۔ قبائل اور اقلیتوں کو کوئی ریلیف نہیں ہے اور یہ بجٹ کسی بھی طرح سے عام لوگوں کو فائدہ پہنچانے والا نہیں ہے۔ پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی نے اسے ‘متر کال’ کا بجٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا’ متر کال بجٹ میں ملازمتیں پیدا کرنے کا کوئی وژن نہیں ہے ، مہنگائی کو روکنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور عدم مساوات کو دور کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ ایک فیصد امیر 40فیصد جائیداد کے مالک ہیں، 50فیصد سب سے غریب، 64فیصد جی ایس ٹی ادا کرنے والے اور 42فیصد نوجوان بے روزگاروں کی وزیراعظم کو کوئی پرواہ نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج عام بجٹ 2023-24 میں کہیں بھی اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ ملک کی معیشت پر بجٹ کا کیا اثر پڑے گا۔ پورے بجٹ میں ملک کے معاشی مسائل کے حل کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔ بجٹ میں معاشی ناہمواری کا کوئی ذکر نہیں ہے اور یہ واضح ہے کہ اس بجٹ میں عام لوگوں کیلئے کچھ نہیں ہے ، اس بجٹ سے چند ارب پتیوں کو ہی فائدہ ہونے والا ہے ۔ بجٹ بتاتا ہے کہ اس حکومت کس طرح عام لوگوں سے دور ہوئی ہے ۔کانگریس کے لیڈروں نے کہا کہ وزیر خزانہ نے بجٹ میں غربت، بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی عدم مساوات جیسے نکات کا ذکر تک نہیں کیا۔ حکومت کو جو سرمایہ خرچ کرنا تھا وہ بھی پورا نہیں کر سکی ہے ۔ ایکسپورٹ، مینوفیکچرنگ ریٹ وغیرہ سب کچھ گر رہا ہے پھر بھی حکومت کہتی ہے کہ جی ڈی پی سات فیصد رہے گی۔ حکومت بتائے کہ یہ کیسے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سب نے دیکھا ہے کہ پہلی دو سہ ماہیوں میں جی ڈی پی کی شرح نمو 9.9فیصد بتائی گئی ہے جبکہ پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی سہ ماہیوں میں جی ڈی پی کی شرح نمو میں مسلسل کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ حکومت بڑی اسکیموں پر جتنا خرچ کرنے کا کہتی ہے اتنا خرچ نہیں کر پائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اہم اسکیموں کیلئے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کئے گئے ۔ پردھان منتری کسان یوجنا، تعلیم، صحت، سماجی بہبود، شہری ترقی، درج فہرست ذات اور قبائل کی ترقی اور اقلیتوں کی ترقی کی اسکیموں میں جو بجٹ مختص کیا گیا ہے وہ پوری طرح سے خرچ نہیں کیا گیا ہے ۔ حکومت کو ریاستوں کو جتنا دینا چاہیے تھا وہ نہیں دیا اور ان کے 64 ہزار کروڑ روپے کا حق مارا گیا ہے۔ یہ رقم ریاستوں کو دی جانی چاہیے تھی، لیکن نہیں دی گئی۔کانگریس لیڈروں نے کہا کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی ہے ۔ سرچارجز میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی۔ عام لوگوں کو ٹیکس میں کوئی چھوٹ نہیں دی گئی ہے اور یہاں تک کہ بالواسطہ ٹیکسوں کے جی ایس ٹی کی شرح میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی ہے ۔ بجٹ میں جو شقیں کی گئی ہیں ان سے نوجوانوں، غریبوں، ٹیکس دہندگان، گھریلو خواتین کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ ملک کے صرف ایک فیصد ارب پتیوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔ بجٹ تقریر میں عام لوگوں کیلئے کچھ نہیں ہے ۔ بجٹ اور اقتصادی سروے میں بے روزگاری اور مہنگائی سے نمٹنے کیلئے کچھ نہیں کہا گیا ہے ۔