ریاض:پرتگال کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈونے سعودی عرب کے کلب النصر سے بطور کھلاڑی معاہدہ ہونے کے بعد کہا ہے کہ میں یورپ میں تمام ریکارڈز توڑ چکا، اب ایشیا میں میدان اور میدان کے باہر نئے چیلنجز سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو نے النصر مرسول پارک اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں منفرد کھلاڑی ہوں، میرا یہاں آنا اچھا ہے ، میں یورپ میں تمام ریکارڈز توڑ چکا ہوں اور اب یہاں مزید ریکارڈ بنانا چاہتا ہوں۔کرسٹیانو رونالڈو نے انگلینڈ کا فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کے بعد النصر سے ڈھائی سالہ معاہدہ کرلیا ہے ، اس حوالے سے میڈیا کا خیال ہے کہ ان کا معاہدہ 20کروڑ یورو (21کروڑ 40لاکھ ڈالر) میں ہوا ہے ۔
رونالڈو سعودی عرب کے کلب آنے سے قبل اسپین کے مشہور ریال میڈرڈ کلب کو 2009سے 2018کے دوران دو مرتبہ لالیگا، دو مرتبہ اسپینش کپ، 4 مرتبہ چمپئن لیگ اور 3مرتبہ کلب ورلڈ کپ میں کامیابی دلا چکے ہیں۔انہوں نے اٹلی کے فٹ بال کلب یووئنٹس کے ساتھ 3برس کا عرصہ گزارا اور اس دوران انہوں نے 2مرتبہ سیری اے اور ایک مرتبہ کوپا اٹالیا جیتنے کا اعزاز دلایا۔بعد ازاں وہ ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کے مشہور کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپس آئے جہاں انہوں نے اپنے پہلے دور میں تین مرتبہ پریمیئرلیگ کا تاج سجایا تھا اور 3مرتبہ ایف اے کپ، دو مرتبہ لیگ کپ، چمپیئنز لیگ اور کلب ورلڈ کپ جیتنے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یورپ میں میرا کام ختم ہو چکا ہے اور مجھے اپنی زندگی کا یہ بڑا فیصلہ کرنے پر فخر ہے ۔رونالڈو نے بتایا کہ میں یہاں جیتنے ، کھیلنے اور تفریح کرنے اور ملک اور ثقافت کی کامیابی کا حصہ بنے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں سب کچھ جیت چکا ہوں، میں یورپ کے سب سے اہم ترین کلبوں میں کھیل چکا ہوں اور اب میرے سامنے ایشیا میں نیا چیلنج ہے ۔رونالڈو نے بتایا کہ انگلینڈ کا فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کے بعد ان کے پاس دنیا بھر سے متعدد پُرکشش معاہدوں کی پیش کش تھی لیکن میں نے النصر کے ساتھ معاہدہ کیا کیونکہ یہ قدم مجھے میدان کے باہر بھی متاثر کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔رونالڈو نے کہا کہ میں فٹ بال کلب النصر کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے نوجوان نسل میں فٹ بال کو فروغ دینے کا موقع دیا، جس میں خواتین بھی شامل ہیں، میرے لیے یہ ایک چیلنج ہے لیکن میں بہت خوش اور فخر محسوس کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں اب یہ کہہ سکتا ہوں کہ میرے پاس یورپ، برازیل، آسٹریلیا اور امریکہ میں بہت مواقع تھے ، حتیٰ کہ پرتگال میں بھی کئی کلبوں نے مجھ سے معاہدہ کرنا چاہا لیکن میں اس کلب کو زبان دے چکا تھا کہ نہ صرف فٹ بال بلکہ ملک کے دیگر حصوں کو بھی فروغ دوں گا۔37سالہ کھلاڑی نے سعودی عرب کے کلب میں شامل ہونے پر تنقید سے متعلق سوالات کے ردعمل میں کہا کہ میں منفرد کھلاڑی ہوں اور یہ میرے لیے معمول کی بات ہے ۔النصر کے کوچ روڈی گریشیا نے بتایا کہ رونالڈو سے معاہدہ ہونا سعودی عرب کی لیگ کیلئے بہت بڑا قدم ہے ۔انہوں نے رپورٹرز کو بتایا کہ میں نے اپنی زندگی میں کرسٹیانو رونالڈو جیسے بہترین کھلاڑی دیکھے ہیں، انہیں سنبھالنا بہت آسان کام ہے کیونکہ میرے پاس انہیں سکھانے کیلئے کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسا رونالڈو نے کہا کہ وہ یہاں جیتنے کیلئے آئے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ کھیلتے ہوئے لطف اندوز ہوں اور النصر کیلئے کامیابی حاصل کریں۔