42.1 C
Delhi
مئی 19, 2024
Samaj News

اعظم گڑھ کے سلمان کا کمال، نینو کار کو بنا دیا ہیلی کاپٹر

شادیوں کے لیے خوب ہو رہی بکنگ،دلہن کی وداعی کی پہلی پسند

نئی دہلی: اعظم گڑھ کے بارہویں پاس سلمان نے اپنی تکنیکی علم کی بہترین نمائش کرتے ہوئے نینو کار سے ہیلی کاپٹر بنا دیا ہے۔ اب اس ہیلی کاپٹر کی شادیوں میں بکنگ کی جا رہی ہے۔ دلہن کی وداعی کی پہلی پسند بنا یہ ایجاد اعظم گڑھ میں کوتوہل علاقہ کی پہلی پسند بن گیا ہے۔ یہاں خاص بات یہ ہے کہ سلمان کے والد نورالحسن خود اس ایجاد کو بے کار کی بات بتاتے تھے، لیکن اب پھولے نہیں سما رہے ہیں۔صرف بارہویں پاس سلمان کی یہ ایجاد سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں ایک کار ہیلی کاپٹر کی شکل میں سڑکوں پر دوڑتا نظر آ رہا ہے۔

اعظم گڑھ کے ترواں تھانہ علاقہ کے پکڑی کلا گاؤں کے رہنے والے سلمان نے اپنی کاریگری سے ایک ٹاٹا نینو گاڑی کو ماڈیفائیڈ طریقے سے ہیلی کاپٹر بنا دیا۔ خاص بات یہ ہے کہ سلمان نے کار کو ہیلی کاپٹر کی شکل دینے میں کباڑ کا استعمال کیا ہے۔ سلمان کے اس موڈیفائیڈ ہیلی کاپٹر کو اعظم گڑھ کی سڑکوں پر جس نے بھی دیکھا وہ دیکھتا ہی رہ گیا۔سلمان نے اپنی صلاحیت سے اپنی پرانی نینو کار کو ہیلی کاپٹر کی شکل دی ہے۔ بس فرق یہ ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر پرواز نہیں بھر سکتا ہے۔ سلمان نے کار کو ہیلی کاپٹر بنانے میں کباڑ کے سامانوں کا استعمال کیا ہے۔ کار میں ہو بہو ہیلی کاپٹر جیسے پنکھے لگائے گئے ہیں، اس کے علاوہ اس میں خوبصورتی بڑھانے کے لیے ایل ای ڈی کی لائٹ بھی لگائی گئی ہے تاکہ پرکشش نظر آئے۔

سلمان کے والد نورالحسن اعظم گڑھ میں فرنیچر کی دکان چلاتے ہیں۔ سلمان بھی فرنیچر کا ہی کام کرتا ہے۔ نورالحسن کہتے ہیں کہ سلمان مہینوں سے اس میں لگا ہوا تھا اور وہ اسے وقت کی بربادی مان رہے تھے۔ اب وہ بہت خوش ہیں۔ سلمان کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے۔ وہ اسے اب پورا سپورٹ دینے کی بات کہتے ہیں۔ سلمان اب ایک گاڑی بنانا چاہتا ہے جو پانی اور سڑک دونوں پر دوڑ سکے۔سلمان کی حیرت انگیز کاریگری سے بنے اس موڈیفائیڈ ہیلی کاپٹر میں پانچ لوگ بہت آرام سے بیٹھ کر ہیلی کاپٹر میں پرواز بھرنے کا احساس کر سکتے ہیں۔ سلمان کے ذریعہ بنایا گیا ہیلی کاپٹر اعظم گڑھ میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ اس ہیلی کاپٹر کی ڈیمانڈ بھی بڑھ رہی ہے۔ لوگ ہیلی کاپٹر کی ڈیمانڈ شادیوں میں دولہے دلہن کے لیے کر رہے ہیں۔اعظم گڑھ کے لوگوں میں ہیلی کاپٹر والی کار کو شادیوں میں بک کرنے کی ہوڑ مچی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ لوگ اس کو مہمانوں کو بلانے کے لیے بھی بک کر رہے ہیں۔ یہ کار جہاں بھی جاتی ہے، آس پاس کے لوگوں کی زبردست بھیڑ اس کو دیکھنے کے لیے جمع ہو جاتی ہے۔ ہر کوئی اس کو دیکھ کر اس کی طرف کھنچا چلا آتا ہے۔ رات کے وقت اس کار میں لگی لائٹس اس کی خوبصورتی بڑھا دیتی ہے۔ سلمان نے باقاعدہ اس کار کو بک کرنے کا ریٹ بھی طے کر دیا ہے جو چار ہزار، پانچ ہزار اور آٹھ ہزار ہے۔

سلمان کار کے بڑھتے مطالبے کو لے کر بہت پرجوش ہیں۔ وہ اب اس کو مزید بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔ سلمان بتاتے ہیں کہ ابھی وہ اسے مزید نئی شکل دیں گے۔ وہ کوشش میں ہیں کہ کار میں جگہ کو بھی بڑھائی جائے۔ سلمان بتاتے ہیں کہ انھوں نے ایک چیلنج کے سبب کار کو ہیلی کاپٹر کی شکل دی ہے، بہار کے ایک شخص نے انھیں چیلنج دیا تھا جس کے بعد انھوں نے اسے کر دکھایا۔سلمان بتاتے ہیں کہ اس کو بنانے میں انھیں بہت محنت لگی ہے۔ انھوں نے اپنے دن رات ایک کیے ہیں، اب جا کر ان کی محنت رنگ لائی ہے۔ سلمان بتاتے ہیں کہ اس کار کو بنانے میں تقریباً تین لاکھ روپے کا خرچ آیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بارہویں پاس سلمان ایک کارپینٹر ہیں اور انھوں نے ابتدائی تعلیم گاؤں کے ہی مڈل اسکول سے حاصل کی ہے اور انٹر کی تعلیم غازی پور سے کی ہے۔ اس کے بعد انھوں نے کارپینٹر کا کام شروع کیا تھا۔

Related posts

سرکردہ شخصیات کا اظہار تعزیت

www.samajnews.in

نیتا مکیش امبانی نے ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے پر بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی تعریف کی

www.samajnews.in

ترکی اورشام کے زلزلہ متاثرین کی امداد اور انسانیت نوازی میں سعودی عرب سرفہرست

www.samajnews.in