26.1 C
Delhi
ستمبر 12, 2024
Samaj News

حسن احمد کی کانگریس سے بغاوت، ’آپ‘ سے لیں گے ’’ریچارج‘‘

نئی دہلی، سماج نیوز: اروند کجریوال کو چھوٹا ’’ریچارج‘‘ کہنے والے کانگریس سینئر لیڈر حسن احمد اور ان کے بیٹے علی مہدی آج عام آدمی پارٹی میں شامل ہوگئے اور اپنے ساتھ تقریباًپوری مصطفی آباد کانگریس کو ساتھ لے گئے حالیہ دنوں کارپوریشن الیکشن 2022میں مصطفی آباد اسمبلی حلقہ کے تحت پانچ وارڈ آتے ہیں ان میں سے کانگریس کے چار امیدوار جن میں دوکامیاب ہوئے وہ اورجن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، انہوںنے بھی عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

مصطفی آباد وارڈ سے کانگریسی کونسلر حاجی خوشنود کی اہلیہ اور برج پوری وارڈ سے جاوید چودھری کی اہلیہ کے ساتھ نہرووہار وارڈ سے کانگریس کے امیدوار رہے علیم انصاری ،شیووہار سے اشوک بھگیل وغیرہ بھی عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ۔مصطفی آباد وارڈ ا وربرج پوری میں سینئر لیڈر حسن احمد اور علی مہدی کے خلاف لوگ بہت غصے میں ہیں اورانہوںنے علی کا مہدی کا تو پتلا تک جلا دیا ہے ۔

عام آدمی پارٹی کا ’آپریشن جھاڑو‘، کانگریس کے دو مسلم کونسلروں کو پارٹی میں کیا شامل، عوام کے ساتھ دھوکہ،کجریوال کوچھوٹا ریچارج کہنے والے نے کانگریس چھوڑ کر تمام مصطفی آباد والوں کو شرمندہ کردیا ہے:عوام،مصطفی آباد کی ترقی کیلئے لیا فیصلہ:حسن احمد

لوگوں کا کہنا ہے کہ جنہوںنے مرکز نظام الدین اور دہلی فساد 2020کو اپنا ہتھیار بناکر کجریوال کو آر ایس ایس کا چھوٹا ریچارج بتایا تھا ان لیڈران نے خود کوریچارچ کرنے کےلئے مصطفی آباد اسمبلی حلقہ کے لوگوںکا سودا کردیا ہے۔ ابتک کجریوال کو سبق سکھانا جو اپنا مقصد بتاتے تھے وہ خود کجریوال کی گود کی میں بیٹھ گئے ہیں۔ ابھی ایم سی ڈی انتخابات کے نتائج آئے ہوئے 48 گھنٹے بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ خبر آئی کے کانگریس کے نشان پر جیتے 9 کونسلروں میں سے 2 کونسلر عام آدمی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی جو ایم سی ڈی انتخابات میں نہ صرف سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری بلکہ اس نے اکثریت سے 9 نشستیں زیادہ حاصل کیں، لیکن وہ بی جے پی رہنماؤں کے بیان سے اس قدر بوکھلائی کہ اس نے ’آپریشن جھاڑو‘ چلانا شروع کر دیا۔ بی جے پی رہنماؤں نے بیان دیا تھا کہ میئر ان کا ہوگا، اور یہ سنتے ہی عام آدمی پارٹی نے یہ غیر اخلاقی حرکت کر ڈالی۔تمام اعداد و شمار کو نظر میں رکھتے ہوئے یہ تقریباً ناممکن تھا کہ میئر عام آدمی پارٹی کا نہ ہو، لیکن اس نے گھبراہٹ میں وہ کیا جس کے لئے وہ بی جے پی پر الزام لگاتی رہتی تھی کہ بی جے پی اس کے خلاف ’آپریشن لوٹس‘ چلا رہی ہے۔ بی جے پی نے تو اس کے خلاف کوئی ’آپریشن لوٹس ‘نہیں چلایا لیکن اس نے وہ کیا جو بی جے پی منی پور اور گوا میں کر چکی ہے، یعنی عآپ نے کانگریس کے خلاف ’آپریشن جھاڑو‘ چلا دیا۔افسوس کی بات یہ ہے کہ مصطفیٰ آباد اور برج پوری کا ووٹر کیا سوچے گا۔ ووٹر، جس نے فسادات میں میں عام آدمی پارٹی کی کارکردگی پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دیا تھا، وہ کیا سوچے گا۔ اس کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ ہوا۔

کانگریس کے سابق رکن اسمبلی حسن احمد کے بیٹے، جن کے پاس دہلی کانگریس کی اہم ذمہ داری تھی اور جو 4 تاریخ تک کجریوال اور ان کی پارٹی کے خلاف کھل کر بول رہے تھے، اور ان پر اقلیت مخالف ہونے کا الزام لگا رہے تھے، وہ بھی اپنے اسمبلی حلقہ کے دونوں کونسلروں کے ساتھ عام آدمی پارٹی میں شامل ہو گئے۔ اب وہ اسی اروند کجریوال کی تعریف کرتے نہیں تھکیں گے جس کے خلاف وہ دن رات زہر اگلتے نہیں تھکتے تھے۔وقتی طور پر یہ کانگریس کے لئے ضرور جھٹکا ہے، لیکن عام آدمی پارٹی نے پہلی غلطی کر دی ہے اور اس نے نہ صرف اپنی شبیہ خراب کر لی ہے بلکہ مسلمانوں کو ہمیشہ کے لیے اپنا دشمن بنا لیا ہے۔ اس کے پاس اب بی جے پی کے خلاف بولنے کا جواز بھی ختم ہو گیا ہے۔ جو کونسلر کانگریس کے ٹکٹ پر جیتنے کے بعد عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں انہوں نے بھی اپنی مستقبل کی سیاست کے لئے پریشانیاں پیدا کر لی ہیں۔اب ضرورت انتخابی اصلاحات کی ہے کیونکہ عوام کے ساتھ یہ دھوکہ مستقل ہو رہا ہے۔ اس میں عوام کا کیا قصور ہے؟ یہ ضروری ہے کہ جو جس پارٹی سے جیتا ہے اس کو کم از کم آدھی مدت تک اس پارٹی کا رکن رہنا ضروری ہے، اور اس کو وفاداری تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ عام آدمی پارٹی کانگریس کے دیگر ارکان سے بھی رابطہ میں ہے اور ان پر وفاداری تبدیل کرنے کا لالچ اور دباؤ بنا رہی ہے۔

Related posts

مدرسہ مریم لتعلیم البنات (ارریہ ،بہار) میں اجلاس عام آج

www.samajnews.in

علماءانبیاءکے وارث ہیں: عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ

www.samajnews.in

کوہلی کے بیڈ روم کی ویڈیو لیک، انوشکا اور وراٹ نے جتائی ناراضگی

www.samajnews.in