نئی دہلی، سماج نیوز: لکھیم پور کھیری کے تکونیا میںگزشتہ سال 3اکتو بر کو پیش آئے کسان تشدد معاملے میں لکھیم پور ضلع عدالت نے ملزم آشیش مشراکیخلاف الزامات طے کر دئے ہیں۔ منگل کے روز ضلع عدالت میں آشیش مشرا سمیت 14 ملزمان کے خلاف الزامات طے کیے جانے کے بعد اب سبھی کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا ۔ آشیش مشرا مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے ہیں۔ ضلع حکومت کے وکیل اروند ترپاٹھی کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سنیل کمار ورما کی عدالت میں تکونیا معاملہ میں آشیش مشرا سمیت 14 ملزمان کے خلاف الزامات طے کر دیئے گئے ہیں۔
لکھیم پور کھیری تشدد معاملے میں آشیش مشرا سمیت 14 کیخلاف الزامات طے،آشیش مشرا کلیدی ملزم قرار
اروند ترپاٹھی نے کہا کہ جن ملزمان پر الزامات طے کیے گئے ہیں ان میں آشیش مشرا کے علاوہ انکت داس، نندن سنگھ بشت، لطیف کالے، ستیم عرف ستیہ پرکاش ترپاٹھی، شیکھر بھارتی، سُمت جیسوال، آشیش پانڈے، لوکش رانا، شیشوپال، الاس کمار عرف موہت ترویدی، رنکو رانا، وریندر شکلا اور دھرمیندر بنجارا شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ویریندر شکلا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 201 کے تحت الزامات طے کیے گئے ہیں۔ باقی ملزمان پر تعزیرات ہند کی دفعہ 147، 148، 149، 302، 307، 326، 427 اور 120 (b) اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 177 کے تحت الزامات طے کیے گئے تھے۔ ترپاٹھی نے کہا کہ آشیش مشرا، انکت داس، نندن سنگھ بشت، ستیہ پرکاش ترپاٹھی، لطیف کالے اور سُمت جیسوال کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت بھی الزامات طے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے استغاثہ سے کہا ہے کہ وہ 16 دسمبر کو عدالت میں ثبوت پیش کریں۔قابل ذکر ہے کہ 3 اکتوبر 2021 کو نگھاسن علاقے کے تکونیا گاؤں میں کسانوں کے احتجاج کے دوران تشدد میں 4 کسانوں سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس معاملے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کو کلیدی ملزم قرار دیا گیا ہے۔