گوہاٹی: آسام میں سبھی مدارس کو اپنی مکمل تفصیلات ریاستی حکومت کے پاس جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے لیے مدارس کے ذمہ داران کو یکم دسمبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ مدارس کو اپنی جگہ، اساتذہ اور ادارہ سے جڑی سبھی جانکاری دینے کے لیے کہا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک سینئر افسر نے بتایا کہ بدھ کے روز پولس ڈائریکٹر جنرل بھاسکرجیوتی مہنت، سیکنڈری ایجوکیشن ڈائریکٹر ممتا ہوجائی، سرکردہ سرکاری افسران اور مدارس کے نمائندوں کی میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ سبھی مدارس کو اپنی تفصیلات حکومت کو دینی ہوگی اور اس کے لیے یکم دسمبر آخری تاریخ ہے۔سرکاری افسر کا کہنا ہے کہ مدارس کو ان تنظیموں کے ذریعہ سے سیکنڈری ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کو اپنی تفصیلات دینی ہوں گی جن کے تحت وہ کام کرتے ہیں۔ یعنی مدارس کے ذمہ داران براہ راست اپنی تفصیلات جمع نہیں کریں گے بلکہ اس ادارہ کی طرف سے تفصیلات جمع کیے جائیں گے جس کے تحت مدارس چل رہے ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال کے شروع میں آسام کے کچھ مدارس میں پڑھا رہے اساتذہ پر انگلیاں اٹھائی گئی تھیں۔ کچھ اساتذہ کو گرفتار بھی کیا گیا تھا جن پر الزام ہے کہ وہ اے کیو آئی ایس اور انصاراللہ بنگلہ ٹیم (اے بی ٹی) سے مبینہ طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ ان کی گرفتاری کے بعد ریاست کے کئی مدارس جانچ کے دائرے میں آ گئے تھے۔ رواں سال اب تک ریاست میں شدت پسند تنظیموں سے رابطہ کے الزام میں اساتذہ سمیت مجموعی طور پر 47 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔