نئی دہلی: بھارت اور پاکستان دونوں نے ٹی20-ورلڈ کپ کے سیزن 8میں سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ اس سے پہلے صرف ایک مرتبہ 2007 میں ایسا ہوا تھا جب دونوں ٹیمیں آخری چار میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے سپر 12 کے گروپ دو میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلیا ہے ۔ ٹیم نے اتوار کو گروپ راؤنڈ کے اپنے آخری مقابلہ میں زمبابوے کو 71 رنز سے ہرایا ۔ یہ ٹیم کی پانچ میچوں میں چوتھی جیت ہے ۔ ہندوستان 8پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پاکستان 6پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔گروپ ایک کی بات کریں تو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ پہلے سیمی فائنل میں 9نومبر کو سڈنی میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا ۔ وہیں ٹیم انڈیا 10نومبر کو ایڈیلیڈ میں انگلینڈ کیخلاف اترے گی ۔ فائنل 13نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا ۔ہندوستان نے چوتھی اور پاکستان نے چھٹی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔ دونوں ٹیمیں ایک ساتھ 15سال بعد آخری 4میں پہنچنے میں کامیاب رہی ہے ۔ اس سے پہلے 2007 میں ایسا ہوا تھا ۔ یہ ٹی 20-ورلڈ کپ کا پہلا سیزن تھا۔ ایم ایس دھونی کی قیادت میں ہندوستان نے تب خطاب بھی جیتا تھا۔ 2007 ورلڈ کپ کی بات کریں تو ہندوستان اور پاکستان تب دو مرتبہ آمنے سامنے آئے تھے۔ گروپ راؤنڈ میں اسکور برابر رہنے کے بعد ہندوستان نے بال آوٹ سے یہ میچ جیتا تھا ۔ پھر فائنل میں گوتم گمبھیر اور آر پی سنگھ کی بہترین کارکردگی کے دم پر ہندوستان نے پاکستان کو پانچ رنز سے ہرایا تھا ۔ موجودہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی بات کریں تو ہندوستان نے گروپ راونڈ میں پاکستان کو پانچ وکٹ سے مات دی تھی ۔ فائنل میں ایک مرتبہ پھر دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہوسکتا ہے ۔ 2007 کی بات کریں تو پاکستان نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو چھ وکٹ سے جبکہ ہندوستان نے آسٹریلیا کو پندرہ رنز سے ہرایا تھا ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو دونوں ٹیمیں دس سال سے ایک دوسرے کے خلاف نہیں اتری ہیں ۔ آخری مقابلہ 2012 میں کولمبو میں ہوا تھا ۔ تب ہندوستان کو 90 رنز سے بڑی جیت ملی تھی ۔ ورلڈ کپ دونوں کے درمیان اب تک تین مقابلے ہوئے ہیں ۔ ہندوستان نے دو جبکہ انگلینڈ نے ایک میچ جیتا ہے ۔ ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کی بات کریں تو یہاں بھی ہندوستانی ٹیم انگلش ٹیم پر حاوی ہے ۔ دونوں کے درمیان کل 22 مقابلے کھیلے گئے ہیں ۔ ٹیم انڈیا نے بارہ جبکہ انگلینڈ کو دس میچوں میں جیت ملی ہے ۔ دونوں کے درمیان ہوئے آخری پانچ ٹی ٹوینٹی مقابلوں کی بات کریں تو ہندوستانی ٹیم چار میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے ۔ ٹیم انڈیا کی نظر دوسرے خطاب پر ہے ۔ اس نے 2007 کے بعد کبھی بھی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا خطاب نہیں جیتا ہے ۔ وہیں پاکستان بھی 2009 کے بعد کبھی بھی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا خطاب نہیں جیت سکی ہے ۔ بطور کپتان روہت شرما یہ تاریخ رقم کرنا چاہیں گے ۔