لندن: برطانیہ میں دو خواتین کو قتل کرنے اور مردہ خانوں میں لاشوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے ایک مجرم نے جمعرات کو مزید 23 مردہ خواتین کی بے حرمتی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ 68 سالہ ڈیوڈ فلر اسپتال میں الیکٹریشن کے طور پر کام کرتا تھا۔ مجرم نے اس سے قبل 1987میں جنوب مشرقی انگلینڈ کے شہر کینٹ میں 25 سالہ وینڈی کنیل اور 20 سالہ کیرولین پیئرس کو گلا گھونٹ کر قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔مجرم نے 2008 ء اور 2020ء کے درمیان مردہ خانوں میں 78 متاثرین سے متعلق 51 دیگر جرائم کا بھی اعتراف کیا۔جمعرات کو کروڈن کے کراؤن کورٹ میں ایک سماعت کے دوران فلر نے ہسپتال کے مردہ خانے میں مزید 23 مردہ خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کا اعتراف کیا، جس میں ایک لاش کے ساتھ بارہ مرتبہ جنسی زیادتی کرنا بھی شامل ہے۔ مجرم کے ان اعترافات کے بعد اس کے متاثرین کی کل تعداد 101 ہو گئی۔پراسیکیوٹر مائیکل بسگرو نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے بیانات اس وقت کے لیے تیار کیے جا رہے ہیں جب اگلے ماہ فلر کو سزا سنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا، ’’متاثرین کے خاندان کے بہت سے افراد ایسے ہیں جو کسی نہ کسی طریقے سے عدالت میں حاضر ہونا چاہیں گے، جن میں سے کچھ ایسے ہیں جو عدالت میں متاثرین کے بارے میں اپنے ذاتی بیانات پڑھنا چاہیں گے۔‘‘گزشتہ سال مجرم کو قتل کے مقدمے میں سزا سناتے ہوئے جج بوبی چیمہ-گرب نے کہا تھا کہ فلر بظاہر ایک ’معمولی اور عام زندگی‘ گزار رہا تھا، لیکن ’تنہائی میں انتہائی بھیانک حرکتیں‘ کرتا تھا۔اس جج کا مجرم کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا، ’’زندگی سے بھر پور دو نوجوان عورتوں کو مارنے کے بعد، تم مردہ لوگوں میں اپنا شکار چننے والے گدھ بن گئے، تمہیں ہسپتال کے مردہ خانوں کی چھپی ہوئی دنیا کے اندر آزاد رہنے کے لیے چھوڑ دیا گیا تھا، صرف اس لیے کہ تمہارے پاس سوائپ کارڈ(چابی) تھا۔‘‘ مجرم کے گھر کی تلاشی لینے والے پولیس اہلکاروں کو معلوم ہوا کہ اس نے ان دو مردہ خانوں میں لاشوں پر جنسی حملوں کے دوران اپنی فلم بندی بھی کی تھی۔ فلر نے ان دونوں جگہوں پر 1989ء سے بجلی کی دیکھ بھال کے شعبے میں کام کیا تھا۔اس کے جرائم کی فہرست میں لاشوں کے ساتھ جنسی زیادتی اوراس عمل کی فحش تصویر رکھنا اور بچوں کی نا زیبا تصاویر لینا شامل ہیں۔(بشکریہ ڈی ڈبلیو)