کیرانہ: ملک میں اپنی شادی کے حوالہ سے شہرت پانے والے 29 سالہ عظیم منصوری کی خواہش بالآخر پوری ہو گئی ہے۔ عظیم منصوری بدھ کے روز ہاپوڑ بارات لے کر گئے اور اپنی دلہن کیرانہ لے کر آ گئے۔ آج یعنی بدھ کو انہوں نے دعوت ولیمہ کا اہتمام کیا تھا۔ خیال رہے کہ عظیم منصوری کا نکاح 7 نومبر کو ہونا قرار پایا تھا، لیکن ممکنہ ہجوم سے بچنے کے لیے دونوں خاندانوں کی رضامندی سے قبل از وقت نکاح کرا دیا گیا۔ رات گئے عظیم دلہن کے ساتھ کیرانہ پہنچے اور ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔عظیم نے بتایا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور میڈیا والوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کی وجہ سے ان کی بات دور تک پہنچی اور انہیں شریک حیات مل گئی۔ عظیم کی شادی کی کہانی بھی دلچسپ ہے۔ وہ اپنی شادی کروانے کے لیے درخواست لے کر کیرانہ تھانے پہنچ گئے تھے۔ جب یہ بات سوشل میڈیا پر مشہور ہوئی تو ہاپوڑ کے رہائشی حاجی ایوب نے پڑوسی کی لڑکی بشریٰ کے لیے ان کے والد جلال الدین کو تجویز دی اور اس کے بعد بات نکاح تک تک پہنچ گئی۔
29 سالہ عظیم منصوری کیرانہ کے محلہ جڑواں کنواں کے رہائشی نسیم منصوری کے بیٹے ہیں اور سب سے بڑے ہیں۔ عظیم کا قد ڈھائی فٹ ہے جو ان کی شادی میں بڑی رکاوٹ تھی۔ ان کے گھر والوں نے بھی شادی پر توجہ نہیں دی، لیکن عظیم اپنا گھر بسانا چاہتے تھے۔ عظیم منصوری اس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے شاملی کے کئی تھانوں میں شادی کرنے کی گہار لگائی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس وقت کے وزیر اعلی اکھلیش یادو سے بھی شادی کی درخواست کی تھی۔ جس کے بعد عظیم منصوری سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے۔ اس وقت یہ معاملہ ٹی وی چینلز پر بھی زور و شور سے اٹھایا گیا۔ جس کے بعد عظیم منصوری نے شادی کے لیے درجنوں رشتے آئے لیکن بات نہیں بن سکی۔طویل انتظار کے بعد وہ دن آ پہنچا جب عظیم کی شادی ہاپوڑ کی مجید پورہ کالونی کی رہنے والی بشریٰ بیگم سے طے ہوئی۔ بشریٰ کا قد 3 فٹ ہے۔ رشتے کی بات دونوں خاندانوں کی مرضی سے چلی اور 7 نومبر کو عظیم منصوری کی شادی طے پائی۔ عظیم منصوری کی شادی 7 نومبر بروز پیر ہونا قرار پائی تھی، لیکن شادی میں زبردست بھیڑ کے اندیشے کے پیش نظر عظیم کے گھر والے 2 نومبر کو ہی بارات لے کر پہنچ گئے۔ بارات میں صرف 20 افراد نے شرکت کی، جن میں عظیم کے اہل خانہ اور کچھ رشتہ دار شامل تھے۔ عظیم پوری شان و شوکت کے ساتھ پھولوں سے سجی گاڑی میں لڑکی کے گھر پہنچے۔ سہرا اور شیروانی میں ملبوس عظیم نکاح کے دوران بہت خوش نظر آئے۔
دولہا بننے والے عظیم منصوری کا کہنا ہے کہ اللہ نے ان کی خواہش پوری کردی اور وہ شادی کے بعد بہت خوش ہیں۔ عظیم کے والدین بھی بہت خوش ہیں۔ عظیم کے مطابق انہوں نے اپنی بیوی کو سونے کی انگوٹھی منہ دکھائی میں دی ہے اور وہ سب سے پہلے اپنی اہلیہ کے ساتھ حج پر جائیں گے۔ عظیم منصوری کے خاص دوست اور بہنوئی آصف منصوری کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش تھی کہ ان کے سالے کا نکاح ہو جائے اور آج ان کا یہ خواب پورا ہو گیا۔