نئی دہلی : ٹیم انڈیا کو ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پرتھ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کیلئے 134 رنز کا ہدف رکھا ۔ افریقی ٹیم نے ڈیوڈ ملر اور ایڈن مارکرم کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت 19.4 اوورز میں اس ہدف کو حاصل کرلیا ۔ہندوستان کے 134 رنز کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرنے کیلئے اتری جنوبی افریقہ کو ارشدیپ سنگھ نے اپنے پہلے ہی اوور میں دو جھٹکے دئے ۔ انہوں نے کوئنٹن ڈی کاک کو 1 جبکہ ریلی روسو کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا ۔ وہیں محمد سمیع نے کپتان ٹیمبا باوما کو 10 رنز پر آؤٹ کیا ۔ اس کے بعد ایڈن مارکرم اور ڈیوڈ ملر نے اپنے تجربے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو سنوارا۔ مارکرم 41 گیندوں پر 6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جبکہ ملر 46 گیندوں پر 4 چوکوں 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 59 رنز بناکر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا ۔اس سے پہلے ٹاس جیتنے کے بعد بلے بازی کرنے کے کپتان روہت شرما کے فیصلہ کو جنوبی افریقہ کے گیند بازوں نے غلط ثابت کردیا اور شروع میں ہی جھٹکے دے دئے۔ لنگی انگیڈی کی خطرناک گیند بازی کے سامنے ہندوستان کی پانچ وکٹیں 49 رنز پر گر گئیں۔ سوریہ کمار یادو نے پہلے اننگز کو سنبھالا اور پھر ٹیم کو باعزت اسکور تک لے گئے۔ لنگی انگیڈی نے 4 جبکہ وین پارنیل نے 3 بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ٹیم انڈیا پر میچ شروع ہوتے ہی جنوبی افریقہ کے گیند بازوں نے اپنی گرفت بنالی ۔ لنگی انگیڈی نے ٹاپ آرڈر کو نیست و نابود کردیا اور ہندوستان کو بیک فٹ پر دھکیل دیا، انہوں نے ایک کے بعد ایک چار وکٹیں لیں ۔ روہت شرما اور کے ایل راہل کی وکٹیں لے کر پہلے اوپننگ جوڑی کو پویلین واپس بھیجا ۔ اس کے بعد سب سے بڑا جھٹکا دیتے ہوئے انگیڈی نے ٹاپ فارم میں چل رہے وراٹ کوہلی کا وکٹ لیا۔
previous post