مغربی بنگال کے جنوبی اضلاع میں تیز بارش، این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات
کولکاتہ، سماج نیوز: خلیج بنگال میں پیدا ہو رہے گردابی طوفان ’سِترنگ‘ کا اثر مغربی بنگال کے اضلاع میں دکھائی دینے لگا ہے۔ اس گردابی طوفان کو لے کر پہلے ہی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے اور کچھ ریاستوں میں زوردار بارش ہونے کا امکان بھی پہلے ہی ظاہر کر دیا گیا تھا۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق کولکاتا سمیت مغربی بنگال کے جنوبی اضلاع میں 24 اکتوبر کی صبح ہلکی پھلکی بارش شروع ہوئی تھی، جس نے اب تیزی اختیار کر لی ہے۔ جس طرح کے حالات بنتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، اس سے اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ گردابی طوفان سِترنگ بنگال کے ساحلی علاقوں، خصوصاً سندربن میں زبردست تباہی برپا کر سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سِترنگ گردابی طوفان 25 اکتوبر کی صبح بنگلہ دیش کے تکونا اور سندویپ کے درمیان ساحل سے ٹکرائے گا۔ ویسے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ یہ طوفان پیر کی صبح سمندری جزیرہ سے تقریباً 430 کلومیٹر جنوب مرکوز تھا۔ اس طوفان کے اثر سے 25 اور 26 اکتوبر کو آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں زوردار بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یعنی بنگال کے ساحلی علاقوں میں 24 اکتوبر کی دیر شام مشکل حالات پیدا ہو سکتے ہیں، اور 25 و 26 اکتوبر کو گردابی طوفان سِترنگ خطرناک شکل اختیار کر سکتا ہے۔اس درمیان محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال اور اس سے ملحق مشرق وسطیٰ کی خلیج کے اوپر گردابی طوفان پیدا ہونے، یا پھر سنگین گردابی طوفان میں بدلنے کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 25 اکتوبر تک سمندر میں نہ جائیں۔ ساحلی علاقوں میں بھی لوگوں کو سِترنگ سے متعلق الرٹ کر دیا گیا ہے۔