ورنہ ملک تاناشاہی کی بھینٹ چڑھ سکتا ہے: نومنتخب صدر ملکارجن کھڑگے
نئی دہلی، سماج نیوز: کانگریس کے نومنتخب صدر ملکارجن کھڑگے نے بی جے پی کو پرزور انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کانگریس صدر انتخاب میں فتحیابی حاصل کرنے کے بعد دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ’’فاشسٹ طاقتوں سے ہمیں مل کر لڑنا ہے، ورنہ ملک تاناشاہی کی بھینٹ چڑھ سکتا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں فرقہ پرستی کے سہارے جمہوری اداروں پر حملہ کرنے والی اور جمہوریت کو ختم کرنے والی فاشسٹ طاقتوں کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔کانگریس صدر کا انتخابی نتیجہ برآمد ہونے کے بعد پریس سے خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے یہ باتیں کہیں۔ انھوں نے بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں بیٹھی مرکز کی حکومت صرف بات ہی کرتی ہے، کام بالکل نہیں کرتی۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت پر تھوتھا چنا باجے گھنا کا محاورہ فٹ بیٹھتا ہے۔ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ہم سبھی کو پارٹی کارکنان کی طرح کام کرنا ہے، پارٹی میں کوئی بھی بڑا یا چھوٹا نہیں ہوتا ہے۔ میں اپنے ساتھی ششی تھرور کو بھی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ میں ان سے ملا اور بات چیت کی کہ پارٹی کو کیسے آگے بڑھایا جائے۔ میں سبھی پارٹی کارکنان کی طرف سے سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان کی قیادت میں ہم نے مرکز میں دو بار اپنی حکومت بنائی۔