نئی دہلی،سماج نیوز: عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا کہ’ آپ‘ نے تمام پارٹیوں اور لیڈروں کو تعلیم پر بات کرنے پر مجبور کیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں مسٹر کجریوال نے کہا کہ انہوں نے آج دیکھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک اسکول گئے اور ایک بچے کے ساتھ کلاس روم میں بیٹھے ۔ وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں تعلیم اور سرکاری اسکولوں کی حالت پر بھی بہت کچھ کہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ 75سال بعد ہی سہی، ملک میں سرکاری اسکولوں کی حالت اور غریبوں کی تعلیم آج سیاست کا اہم موضوع بنی ہوئی ہے ۔ میں اسے اب تک کی سب سے بڑی کامیابی مانتا ہوں کہ عام آدمی پارٹی نے تمام پارٹیوں اور لیڈروں کو تعلیم کی بات کرنے پر مجبور کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 27برسوں سے گجرات میں بی جے پی کی حکومت ہے اور 27سالوں میں بی جے پی گجرات کے سرکاری اسکولوں کو ٹھیک نہیں کر سکی۔ دہلی میں ہماری حکومت نے پانچ سالوں میں سرکاری اسکولوں کو شاندار بنادیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آج وزیر اعظم نے تعلیم میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ میں ان سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں اسکول ٹھیک کرنے آتے ہیں۔ ہمارا استعمال کیجئے ۔ ہم خود آفر کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں 10لاکھ سرکاری اسکول ہیں۔ ملک بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کو صرف پانچ برسوں میں ٹھیک کیا جاسکتا ہے ۔ ہم مختلف پارٹیوں سے ہیں۔ ہمارے مختلف نظریات ہیں لیکن ہم ایک ہی ملک کے لوگ ہیں۔ میں وزیر اعظم سے درخواست کر رہا ہوں کہ ہم آپ کو تجویز دے رہے ہیں کہ ہمارا استعمال کیجئے اور ملک کیلئے ایک ساتھ ملکر ہم ملک کے تمام اسکولوں کو ٹھیک کرتے ہیں۔