19.1 C
Delhi
نومبر 13, 2024
Samaj News

جہانگیر پوری دہلی فرقہ وارانہ تصادم کے ملزم نور عالم کو ضمانت

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت میں عدالتی چارہ جوئی کا سلسلہ جاری

نئی دہلی، سماج نیوز: جمعیۃ علماء ہند کی قانونی چارہ جوئی کی مدد سے جہاں گیر پوری دہلی فرقہ وارانہ تصادم کے ملزم نور عالم کو روہنی کورٹ نے ضمانت دیدی۔اس سے قبل گزشتہ ماہ شیخ انعام الحق کو بھی جمعیۃ کی کاوش سے ضمانت ملی ہے ۔یہ اطلاع جمعیۃ علمائے ہند نے جاری ایک ریلیز میں دی ہے ۔نورعالم کے سلسلے میں معزز حج ستیش کمار نے جمعیۃ کے وکیل ایڈوکیٹ محمد عبدالغفار، ایڈوکیٹ محمد نوراللہ اور محمد سرتاج کے اس استدلال کو سنجیدگی سے سنا کہ ملزم کا مبینہ جرم سے کوئی تعلق نہیں ہے اور مقامی پولیس نے صرف اپنے کیس کو سلجھانے کے لیے ملزم کو ایف آئی آر میں پھنسایا ہے اور ملزم 17.04.2022سے عدالتی تحویل میں ہے ۔ اب جب کہ ملزم کے بارے میں تحقیق مکمل ہوگئی ہے ، اسے ضمانت دیدی جائے۔ اس کے برعکس ریاست کی طرف سے مقرر کردہ وکیل نے ملزم کی ضمانت کی شدید مخالفت کی۔ فریقین کی بحث سننے کے بعد عدالت نے کہا کہ ملزم سے تفتیش پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے اور چارج شیٹ بھی داخل کر دی گئی ہے ، اب ٹرائل مکمل ہونے میں کافی وقت لگے گا۔ اس درمیان ملزم کو عدالتی تحویل میں رکھنے سے کوئی مقصد پورا نہیں ہو گا۔ کچھ شریک ملزمان کو دہلی کی معزز ہائی کورٹ نے ضمانت دی ہے اور کچھ کواس عدالت سے ضمانت مل چکی ہے ۔لہٰذاان حقائق اور حالات میں،درخواست گزار؍ملزم نور عالم کو 25000روپے زر ضمانت پر ضمانت دی جاتی ہے ۔مقدمات اور اس سے متعلق معاملات کے ذمہ دار مولانا نیاز احمد فاروقی ایڈوکیٹ نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند اپنے صدر مولانا محمود اسعدمدنی کی قیادت میں اول دن سے دہلی فساد 2020اور جہانگیرپوری تشدد 2022 کے مقدمات کی پیروی کررہی ہے ، دہلی فساد میں بہت سارے لوگوں کو عدالت نے بری بھی کردیا ہے ۔ خدا کی ذات سے امیدہے کہ بے قصور افراد جلد رہا ہوں گے ۔واضح ر ہے کہ رمضان المبارک میں عین افطار کے وقت شرپسندوں نے جہانگیر پوری جامع مسجد پر حملہ کردیا تھا، جس کے بعد تشدد کے واقعات رونما ہوئے تھے ۔اس سلسلے میں دہلی پولس نے بڑی تعداد میں غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے مسلم نوجوانوں کو جیل میں ڈال دیا تھا، جن میں سے ضرورت مند خاندانوں کی طرف سے جمعیۃ علماء ہند عدالتی چارہ جوئی کررہی ہے ۔

Related posts

شبلی کالج شعبہ اردو کے طالب علم کا بڑا کارنامہ ، محمد اسجد اردو میڈیم طلباء کیلئے مشعل راہ: پروفیسر محمد طاہر

www.samajnews.in

برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس نے دیا استعفیٰ

www.samajnews.in