اسلام آباد: عمران خان نے پنجاب اور کے پی کے اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ ’’ہم نے طے کیا ہے، ہم سبھی اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے جا رہے ہیں۔‘‘پاکستان میں سیاسی ہلچل کسی بھی صورت میں ختم ہوتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ اب پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف) کے سربراہ اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی سبھی اسمبلی سے استعفیٰ دے گی۔ یہ بیان انہوں نے ہفتہ کے روز پاکستان کے راولپنڈی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم اس نظام کا حصہ نہیں رہنا چاہتے۔‘‘عمران خان نے پنجاب اور کے پی کے اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ ’’ہم نے طے کیا ہے، ہم سبھی اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے جا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں اس ملک کے لیے خون کی آخری بوند تک لڑوں گا۔ میں کرکٹ کھیلنے کے لیے 20 سال ملک سے باہر رہا، میں نے کبھی دوسرے ملک کا پاسپورٹ لینے کے بارے میں نہیں سوچا۔ میرا ایک ہی گھر ہے اور وہ پاکستان میں ہے۔‘‘عمران خان نے جلسہ عام میں اپنے اوپر کیے گئے قاتلانہ حملے کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس ماہ کے شروع میں میرا قتل کرنے کی ناکام کوشش میں شامل تین جرائم پیشے پھر سے مجھے ہدف بنانے کی کوشش میں ہیں۔ میرا موت کے ساتھ قریب سے سامنا ہوا تھا اور میں نے اپنے اوپر حملے کے دوران گولیوں کو سر کے اوپر سے گزرتے ہوئے دیکھا تھا۔ اگر آپ جینا چاہتے ہیں تو موت کے ڈر کو چھوڑ دیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’جس طرح لیاقت علی خاں کا قاتل مارا گیا، ویسے ہی مجھ پر حملہ کرنے والے کو مارنے کے لیے گولی چلی، لیکن وہ معظم کو لگی۔‘‘