جامعہ ملیہ اسلامیہ میں منعقد تین روزہ جشن اُڈما اختتام پذیر
نئی دہلی، سماج نیوز: یونانی کا تین روزہ میلہ جس کا دوا ساز کمپنی ’’اڈما‘‘ کی جانب سے جامعہ ملیہ یونیورسٹی میں انعقاد کیا گیا تھا ، اختتام پذیر ہوگیا۔ میلے کا جائزہ لیتے ہوئے نیلم دواخانہ کے حکیم امام الدین ذکائی نے کہا ہے کہ اس طرح کے پروگرام اور میلے لگتے رہنا چاہیے تاکہ لوگوں کو یونانی دوائیوں کے بارے میں بہتر جانکاری اور علاج مہیا کرایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آج میلے میں آکر بہت خوشی ہوئی کہ جامعہ ملیہ یونیورسٹی میں بہت سی دوا ساز کمپنیوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے اسٹال لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں نے دیکھا ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بھی اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے اور ان طلبہ سے کافی اچھی گفتگو بھی ہوئی۔ ان کو یونانی کی کچھ باریکیوں کے بارے میں بتایا۔ میں نے ان کو بتایا کہ کس طرح سے یونانی دواؤں کا استعمال کیا جاتا ہے اور دوائیں کتنی دیر میں اثر کرتی ہیں ۔
حکیم امام الدین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونانی بہت ترقی کر رہی ہے مگر ابھی بھی مختلف میدان میں ابھی تک ان دوا ساز کمپنیوں کے ذریعے اطمینان بخش کام نہیں ہوا ہے جیسے ابھی تک یونانی میں پین کلر کی طرز پر کام کرنے والی کوئی ٹیبلٹ ایجاد نہیں ہوئی ہے۔ مریض کو پیٹ کے درد میں فوری طور پر راحت دینے والی دواؤں کی کمی ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ مریضوں کو سر میں درد پیٹ میں درد وغیرہ کے لیے ہم ایلوپیتھی کی مدد لینی ہوتی ہے کیونکہ ایمرجنسی میں اس طرح کی کوئی دوائی سامنے نہیں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ البتہ دما غین کی اور شوگر فری پر آج کل بہت کام ہو رہا ہے اور اس پر زور بھی دیا جا رہا ہے یہ ایک اچھی بات ہے لیکن دوسری طرف بھی ہمیں دیکھنا ہو گا اس مقابلہ جاتی دور میں معیار پیچھے نہ چھوٹ جائے۔ یونان میں کوالٹی کی اپنی حیثیت ہوتی ہے، نسخہ تیار کرتے وقت جو ریسرچ کی جاتی ہے اس پر سختی سے کام ہونا چاہیے۔ اس طرح کی دوا ہمیں ریسرچ کے ذریعے حاصل ہو سکتی ہیں جن پر ابھی تک کام نہیں ہوا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایس کے بھٹناگر نے بتایا کہ اس میلے کا رسپانس بہت اچھا رہا۔ لاک ڈاؤن کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اتنی بڑی تعداد میں میں لوگوں نے دلچسپی دکھائی ہے۔