21.1 C
Delhi
نومبر 7, 2024
Samaj News

تین روزہ جشن اُڈما- 2022 بخوبی اختتام پذیر

یونانی ڈرگس مینوفیکچررس ایسوسی ایشن کی جانب سےجامعہ ملیہ اسلامیہ میں کیا گیا تھا انعقاد

نئی دہلی، سماج نیوز: طب یونانی کو درپیش مسائل کے حل، تحفّظ اور اس کی عظمت رفتہ کی بحالی نیز دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اس فن شریف کو فروغ دینے کے تعلق سے قائم کی گئی یونانی دواساز کمپنیوں کی تنظیم یونانی ڈرگس مینوفیکچررس ایسوسی ایشن (اُڈما) کی جانب سے جامعہ ملّیہ اسلامیہ میں منعقدہ سہ روزہ کانفرنس، سی یو ایم ای؍ ورک شاپ اور آیوش ہیلتھ فیئر بحسن و خوبی انجام پایا۔ مختلف اہم موضوعات پر مشتمل علمی و فنی سیشن میں ڈاکٹر محمد افتخار احمد، پروفیسر محمد ثاقب، ڈاکٹر ایس ارہام حسین، ڈاکٹر محمد واصف خاں، ڈاکٹر گورو کمار جین و دیگر دانشوران طِب نے خطاب فرمایا۔ پروگرام کے تینوں دن سائنٹفک اور ٹیکنکل سیشن میں اعلیٰ ترین معیار کی یونانی ادویہ سازی، لیباریٹری کی اہمیت، یونانی پیتھی: بغیر مضر اثرات کے محفوظ طریقہ علاج، حجامہ، مزاج و اخلاط، مطب مینجمنٹ، حقوق صارفین، فروغ کاروبار جیسے نہایت مفید، کارآمد اور اہم موضوعات پر مبنی مقررین کے معلومات افزا بیانات ہوئے۔


آیوش ہیلتھ میلہ بخوبی تین روز چلتا رہا جس میں ملک کی مختلف دواساز اداروں کے 70 سے زائد اسٹال لگے ہوئے تھے جہاں ماہر فن حکیموں کے ذریعے مفت تشخیص و تجویز اور خصوصی ڈسکاؤنٹ پر دواؤں کی فراہمی کی سہولیات تھیں۔ہیلتھ میلہ میں محمد عمران وزیر خوراک و سپلائی، حکومت دہلی نے بذات خود تشریف لاکر جشن اُڈما کو رونق بخشا اور اراکین اڈما کی حوصلہ افزائی کی۔ وزیر موصوف نے اپنے تاثرات میں تنظیم اُڈما کی سرگرمیوں، کارکردگیوں، اور مثبت اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار فرمایا۔


’’شام غزل‘‘ کے نام سے ڈاکٹر معین شاداب کی نظامت میں مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں دہلی کے معروف شاعروں نے حصّہ لیا اور اپنے خوبصورت کلام سے سامعین کو محظوظ کیا، ساتھ ہی خوب داد و تحسین وصول کی۔اس جشن اُڈما میں بالخصوص طبّی و سائنٹفک ورزش کے ماہر ڈاکٹر بدرالزّماں کی جانب سے عوام الناس کے لئے ورزش کی عملی مشق کا بھی مفت ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا تھا۔


پروگرام میں اُڈما کے عہدیداران، ذمہ داران اور سرگرم ممبران نیز معاونین حضرات حامد احمد، نبیل انور، محسن دہلوی، محمّد جلیس، سیّد منیر عظمت، مقبول حسن، محمّد عارف، حکیم ارباب الدین، حکیم مدثّر جمال بخشی، شیخ انتخاب عالم، حکیم یثمانیل عثمانی، صادق بابلہ، پرویز احمد خاں، اعجاز احمد اعجازی، حکیم خبیب بقائی، حکیم عزیر بقائی، حکیم محمد کاشف ذکائی نیز حکیم ایازالدین ہاشمی، شیخ انتخاب عالم، شمشاد احمد، ڈاکٹر نازش احتشام اعظمی، شوکت مفتی اور سیّد مصور حسین موجود تھے جو پروگرام کے نظم و ضبط کو بخوبی انجام دے رہے تھے۔ اس طرح جشن اُڈما- 2022 بحسن و خوبی اختتام پذیر ہوا۔

Related posts

بلقیس بانو معاملہ: گجرات حکومت کو لگا ’سپریم‘ جھٹکا

www.samajnews.in

تعدد ازدواج اورنکاح حلالہ کیخلاف آئینی بنچ ہوگی تشکیل

www.samajnews.in