شاہ رخ خان کا بیٹا اسی الزام میں جیل میں رہا، میں عامر کے بارے میں نہیں جانتا: بابا رام دیو
مرادآباد، سماج نیوز: یوگا گرو بابا رام دیو نے بالی ووڈ کے سرکردہ اداکاروں پر منشیات استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور ان کے کے بیانات کی ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔بابا رام دیو ہفتہ کو مراد آباد میں ’آریہ ویر اور ویرانگنا سمیلن‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ خطاب کے دوران انہوں نے کہا، ’’سلمان خان منشیات لیتے ہیں، میں عامر خان کے بارے میں نہیں جانتا۔ شاہ رخ خان کا بچہ منشیات لیتے ہوئے پکڑا گیا اور جیل میں رہا۔ جہاں تک اداکاراؤں کا تعلق ہے تو صرف بھگوان ہی ان کے بارے میں جانتے ہیں۔‘‘بابا رام دیو نے مزید کہا، ’’فلم انڈسٹری میں چاروں طرف منشیات ہیں، سیاست میں بھی منشیات ہیں۔ الیکشن کے دوران شراب تقسیم کی جاتی ہے۔ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہندوستان کو ہر طرح کی منشیات سے پاک کرنا ہے۔ اس کے لیے ہم ایک تحریک شروع کریں گے۔‘‘ بابا رام دیو کے بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا اور ٹی وی پر گردش کر رہی ہے اور لوگ کئی طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔