27.8 C
Delhi
مارچ 27, 2025
Samaj News

ایران میں مظاہروں کا سلسلہ جاری

ایران میں مہسا امینی کی موت کے بعد شروع ہونے والے ملک گیر احتجاجی مظاہرے اب چوتھے ہفتے میں داخل ہو گئے ہیں۔ مزید دو اہلکاروں کی موت کے ساتھ ان مظاہروں میں مارے گئے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد اب کم از کم چودہ ہو گئی ہے۔تہران سے اتوار نو اکتوبر کی صبح ملنے والی رپورٹوں میں نیوز ایجنسی اے ایف پی نے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں میں جاری پرتشدد عوامی احتجاجی مظاہروں کے دوران گزشتہ رات ایرانی سکیورٹی فورسز کے مزید دو اہلکار مارے گئے۔یوں سرکاری ذرائع کے مطابق بھی ان مظاہروں کے دوران اب تک مارے جانے والے ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد کم از کم بھی 14 ہو گئی ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی فارس نے 27 ستمبر کے روز بتایا تھا کہ تب تک ان مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 60 ہو چکی تھی۔ اس کے بعد سے ایرانی حکام نے ایسی ہلاکتوں کی کوئی نئی تعداد نہیں بتائی۔اس کے برعکس مغربی دنیا کے ذرائع ابلاغ کا ایران میں موجود ذرائع یا بیرون ملک مقیم جلاوطن ایرانی باشندوں کی تنظیموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکے ان مظاہروں میں اب تک تقریبا 200 تک افراد مارے جا چکے ہیں۔ایران میں ان مظاہروں کے دوران ملک کے مخلتف حصوں میں گلیوں اور سڑکوں پر پرتشدد واقعات میں اب تک درجنوں افراد مارے جا چکے ہیں۔ ان میں عام مظاہرین بھی شامل تھے اور ملکی سکیورٹی اداروں کے ارکان بھی۔سرکاری خبر رساں ادارے اِرنا نے اتوار کے روز بتایا کہ گزشتہ شب جو مزید دو سکیورٹی اہلکار ان مظاہروں کے دوران مارے گئے، ان میں سے ایک بسیج فورس کا رکن تھا، جو ہفتے کی رات انتقال کر گیا۔بسیج فورس ایران کی پاسداران انقلاب نامی کور سے تعلق رکھنے والی ایک نیم فوجی ملیشیا ہے۔ خود پاسداران انقلاب کا تعلق بھی ایرانی مسلح افواج سے ہے، اور اس کور کو ایران فوج کا نظریاتی بازو سمجھا جاتا ہے۔ہفتہ آٹھ اکتوبر کے روز مارا جانے والا دوسرا سکیورٹی اہلکار پاسداران انقلاب کور کا ایک رکن تھا، جو ایرانی صوبے کردستان کے دارالحکومت سنندج میں پرتشدد مظاہروں کے دوران ہلاک ہو گیا۔ مھسا امینی کا تعلق بھی سنندج سے ہی تھا۔سلامی جمہوریہ ایران میں گزشتہ کئی ہفتوں سے جو عوامی مظاہرے جاری ہیں، وہ اب کافی حد تک موجودہ سیاسی نظام اور حکمرانوں کے خلاف احتجاج کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔اندرون ملک اور بیرون ملک ان مظاہروں کا سلسلہ 16 ستمبر کے روز ایک 22 سالہ کرد نژاد ایرانی خاتون مھسا امینی کی موت کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ امینی کو ایک عوامی مقام پر بظاہر مناسب حجاب نہ پہننے کی وجہ سے ایران کی اخلاقی امور کی نگران پولیس نے تہران سے حراست میں لیا تھا اور اسی حراست کے دوران ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔

Related posts

منیش سسودیا کو تہاڑ جیل سے ای ڈ ی نے کیا گرفتار

www.samajnews.in

اسرائیلی جبر و ستم کیخلاف متحد ہونا ضروری

www.samajnews.in

شکرانے کا دن

www.samajnews.in