سید پرویز قیصر
ہندوستان سے تعلق رکھنے والے روہت شرما چار سو ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کی جانب سے جنوبی افریقہ ر کے خلاف بارسا پارا کرکٹ اسٹیڈیم، گوہاٹی میں اتوار (دو اکتوبر) کو اپنا چار سواں ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلا۔
ممبئی کی جانب سے بڑودہ کے خلاف ممبئی کے وانکھڑے اسٹیڈیم میں 3 اپریل2007 کو اپنا پہلا ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے والے روہت شرما نے چار سو میچ کھیلنے میںپندرہ سال اور183 دن کا وقت لیا۔ وہ ایسا کرنے والے ہندوستان سے تعلق رکھنے والے پہلے اور کل ملاکر نویں کھلاڑی ہیں۔
دائیںہاتھ سے بلے بازی اور آف بریک بالنگ کرانے والے روہت شرما نے سب سے زیاد میچ انڈین پریمیر لیگ میں ممبئی انڈینس کی جانب سے کھیلے ہیں۔ ممبئی انڈینس کے لئے انہوں نے2011 سے اب تک182 میچوں میں شرکت کی ہے۔ ممبئی انڈینس سے پہلے انہوں نے دکن چارجرس کی جانب سے45 میچ کھیلے تھے۔ کل ملاکر انہوں نے انڈین پریمیر لیگ میں جو227 میچ کھیلے ہیں ۔
روہت شرما نے ابھی تک جو چار سو ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں انکی387 اننگوں میں 31.32 کی اوسط اور133.96 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ چھ سنچریوں اور71نصف سنچریوں کی مدد سے10587 رن بنائے ہیں۔ وہ 24مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 118 رن ہے جو انہوں نے ہندوستان کی جانب سے سری لنکا کے خلاف22 دسمبر 2017 کو اندورمیں ہوئے میچ 61 منٹ میں43بالوں پربارہ چوکوں اور دس چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔
روہت شرما نے ہندوستان کی جانب سے جو141 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی133 اننگوں میں32.21 کی اوسط اور140.70 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ، چار سنچریوں اور28 نصف سنچریوں کی مدد سے3737رن بنائے ہیں۔ وہ نو مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے سے قاصر بھی رہے ہیں۔
ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کیرون پولارڈ کے پاس ہے۔ انہوں نے2006 سے اب تک614 میچ کھیلے ہیں جس میں11915 رن بنائے ہیں اور309 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے ہی ٖڈیون براوو نے 2006 سے اب تک جو 556 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں ان میں6894 رن بنانے کے ساتھ ساتھ614 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ وہ اس قسم کے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بالر ہیں۔
پاکستان کے شعیب ملک اس فہرست میں تیسرے مقام پر ہیں۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی اور آف بریک بالنگ کرانے والے اس کھلاڑی نے2005 سے اب تک جو 481 میچ کھیلے ہیں ان میں 11902رن بنانے کے ساتھ ساتھ160کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا ہے۔
ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے ویسٹ انڈیز کے کریس گیل چوتھے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 2005 سے اب تک جو463 میچ کھیلے ہیں ان میں14562 رن بنانے کے ساتھ ساتھ83 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے سنیل نارائین نے2011 سے اب تک جو435 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں ان میں3355 رن بنانے کے ساتھ ساتھ474 کھلاڑیوں کو آوٹ بھی کیا ہے۔
انگلینڈ کے روی بوپارا نے 2003 سے اب تک جن 429 میچوں میں شرکت کی ہے اس میں8388 رن بنائے ہیں اور258 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے آندرے رسل نے 2010 سے اب تک جو428 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں ان میں7176 رن بنانے کے ساتھ ساتھ381 کھلاڑیوں کو بھی اپنا شکار بنایا ہے۔ جنوبی افریقہ کے تعلق رکھنے والے جس کھلاڑی نے سب سے زیادہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں وہ ڈیوڈ ملر ہیں جنہوں نے 2008سے اب تک403 ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں8856 رن بنائے ہیں۔