اسلام آباد: راؤلپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوئے پہلے تاریخی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن کے کھیل میں انگلینڈ کے بلے بازوں نے کرکٹ کا صدیوں سال پہلے بننے والا ریکارڈ توڑ ڈالا۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے راؤلپنڈی ٹیسٹ میں کرکٹ کا 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، راؤلپنڈی میں انگلینڈ نے کھیل کے پہلے دن سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بنادیا۔اس سے قبل 1910 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے دن 494 رنز بنائے تھے ۔انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف 506 رنز ایک دن میں سب سے زیادہ بنائے گئے رنز ہیں۔اس سے قبل انگلینڈ نے 1954 میں نوٹنگھم ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف ایک دن میں 496 رنز بنائے تھے، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک دن میں سب سے زیادہ رنز انگلینڈ نے انڈیا کے خلاف 588 رنز اسکور کیے تھے ۔اوپنرز نے نسیم شاہ کے پہلے اوور میں 14رنز بٹورے اور محض نویں اوور میں نصف سنچری مکمل کر لی۔اوپنرز بین ڈکٹ اور زیک کرالی دونوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹیم کی سنچری کھیل کے پہلے ہی گھنٹے میں صرف 13.4اوورز میں مکمل کرا دی۔زیک کرالی نے نسبتاً زیادہ جارحانہ انداز اپنایا اور کھانے کے وقفے کے فوراً بعد اپنی سنچری مکمل کرلی جبکہ ان کے ساتھی بین ڈکٹ بھی ان کے نقش قدم پر گامزن رہے ۔زیک کرالی 99کے اسکور پر اس وقت خوش قسمت ثابت ہوئے جب امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا لیکن ڈی آر ایس کے استعمال کی بدولت وہ ناٹ آؤٹ قرار پائے کیونکہ ہاک آئی میں گیند لیگ اسٹمپ سے باہر جا رہی تھی۔بین ڈکٹ کو بھی سنچری مکمل کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور حارث رؤف کو چوکا لگا کر انہوں نے 104گیندوں پر کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کر لی۔پاکستان کو 233کے اسکور پر پہلی کامیابی اس وقت ملی جب بین ڈکٹ 107رنز بنانے کے بعد ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ قرار پائے ، فیلڈ امپائر نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا، جس پر پاکستان نے ریویو لینے کا درست فیصلہ کیا جس پر بائیں ہاتھ کے اوپنر آؤٹ قرار پائے اور یوں زاہد محمود نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔جب میچ کے پہلے دن چائے کا وقفہ ہوا تو انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 332رنز بنائے تھے ۔اولی پوپ اور ہیری بروکس نے چوتھی وکٹ پر شان دار شراکت کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 462 رنز تک پہنچایا تاہم اولی پوپ کی 108 رنز کی اننگز کا خاتمہ محمد علی نے ایل بی ڈبلیو کے ذریعے کیا۔ہیری بروکس نے 81 گیندوں پر 14 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی اور اس کے ساتھ پہلے روز کا اختتام ہوا۔راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز 75 اوورز کا کھیل ہوا جہاں انگلینڈ نے 4 وکٹوں پر ریکارڈ 506 رنز بنائے ۔ہیری بروکس 101 اور کپتان بین اسٹوکس 15 گیندوں پر 34 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
previous post