اوراد، سماج نیوز:(محمد امجد حسین) اس سال پیاز کی فصل اچھی ہوئی ہے اور ابھی اسے کاٹ کر منڈی تک پہنچانے کی ضرورت تھی۔ اورادتعلقہ کے کولور گاؤں کے کسان پیاز کی افزائش سے خوش تھے، لیکن اولے اوربے وقت کی بارش کی وجہ سے کسانوں کوغم کے آنسو رو نے پڑے ہیں۔گاؤں کے بہت سے کسان پیاز کوبچانے میں لگے ہوئے ہیں، ایک طرف پیاز زمین کے اندر سڑ رہی ہے تو دوسری طرف ژالہ باری سے نقصان ہو رہا ہے۔ضلع انتظامیہ کو بہت سے کسانوں کو مناسب سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے جن کی فصلیں بے وقت بارشوں کی وجہ سے تباہ ہو چکی ہیں اس سے پہلے کہ ان کی زندگیاں برباد ہو جائیں۔بارش نے کسانوں کو دھوکادیا ہے جو یہ سوچ رہے تھے کہ پیاز کی فصل کو کس طرح منڈی تک پہنچایا جائے۔ تعلقہ میں موسلادھار بارش کی وجہ سے پیاز کی فصلیں سڑنے لگی ہیں۔اس بار بارش نے کسانوں کو نقصان پہنچایا ہے جنہوں نے قرض لے کرپیاز اگائی تھی۔ ورون نامی کسان نے بتایاکہ پچھلے کچھ دنوں سے بارش نے طوفان برپا کر رکھا ہے اور کھیتوں میں پانی کھڑا ہے۔ایک اور کسان کھانڈے راؤ پاٹل نے بتایاکہ جو فصل ہاتھ میں آئی تھی وہ منہ کو نہیں آسکی۔ کسانوں نے درخواست کی ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر کسانوں کی مدد کو پہنچیں۔