بیدر، سماج نیوز:(محمد امجد حسین ) 10مئی کو سارے کرناٹک میں ایک ہی مرحلہ میں اسمبلی انتخابات کاانعقاد عمل میں آیا۔جس میں ایگزٹ پول کے مطابق کانگریس پارٹی کی حکومت بنناطے تھااور نتائج بھی ایگزٹ پول کے مطابق آئے۔ مگر بیدر ضلع میں نتائج بی جے پی کے حق میں آئے۔ بیدرضلع کی جملہ 6نشستوں کے مقابلے 4پربی جے پی اور 2پرکانگریس نے اپنی جیت درج کی۔ بیدر سے کانگریس کے رحیم خان(چوتھی مرتبہ) ، بھالکی سے کانگریس کے کارگذار صدر ایشور کھنڈرے (چوتھی مرتبہ)، بیدر جنوب سے بی جے پی کے ڈاکٹر شیلندربیلداڑے(پہلی مرتبہ) ، ہمناآباد سے بی جے پی کے سدوپاٹل(پہلی مرتبہ)، بسواکلیان سے بی جے پی کے شرنو سلگر ا(دوسری مرتبہ)اور اوراد محفوظ حلقہ سے سابق وزیر اور بی جے پی قائد پربھوچوہان (چوتھی مرتبہ) منتخب ہوکر ایک تاریخ بنائی ہے۔ سابق میں بیدرضلع کی 6نشستوں میں سے تین پر کانگریس ، دوپر بی جے پی اور ایک پر جنتادل (یس) تھی ۔ لیکن 2023کے انتخابات میں بی جے پی نے 4نشستیں حاصل کرتے ہوئے بازی پلٹ دی ہے۔ اس تعلق سے بی ڈی اے چیرمین بابووالی نے ایک پریس نوٹ جاری کرکے کہاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بیدر ضلع عام اسمبلی انتخابات نے ایک بار پھر ثابت کردیاکہ بیدر ضلع بی جے پی کا گڑھ ہے ۔اورادکے پربھو چوہان، بسواکلیان میں شرنو سلگرا،بیدر جنوب میں ڈاکٹر شیلندر بیلداڑے اورہمناآبادسے سدو پاٹل نے اسمبلی انتخاب جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ ملک کے قابل فخر وزیر اعظم نریندر مودی، قومی صدر جے پی نڈا، ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا، عزت مآب وزیر اعلیٰ بسواراج بومائی، ریاستی صدر نلین کمار کٹیل، مرکزی وزراء، ریاستی لیڈران اور سب سے بڑھ کر ہمارے ووٹر، ان تمام نے اس کامیابی کے لئے سخت محنت کی۔اور یہ سب جیت کے ذمہ دار ہیں۔میں تمام کارکنوں کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔ ہارنے والے :۔ جواراکین اسمبلی انتخاب ہارگئے ہیں ان میںبیدر جنوب سے سابق وزیر،رکن اسمبلی اورجنتادل (یس ) امیدوار بنڈپاقاسم پوراور سابق وزیر اورکانگریس کے رکن اسمبلی ہمناآبادجناب راج شیکھرپاٹل شامل ہیں۔
next post