تمام ویزوں پر کیا جا سکتا عمرہ، خواتین کیلئے محرم کی شرط منسوخ کردی گئی: سعودی وزیر
سعودی عرب نے اس سال 58 ممالک کے عازمینِ حج کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت متعارف کرادی ہے۔سعودی حکومت نے2023ء کے موسمِ حج کے لیے 58 ممالک کے عازمین کی آمد کوآسان بنانے کے لیے ای پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔اس مقصد کے لیے سعودی وزارتِ حج وعمرہ نے ابتدائی کوششوں کے حصے کے طور پر براعظم یورپ، امریکااور آسٹریلیا کے عازمین حج کے لیے hajj.nusuk.sa پلیٹ فارم کا آغازکیا ہے۔سعودی وزارت حج نے کہا ہے کہ نئی سروس ان ممالک کے عازمین کو درخواست دینے،سفری ٹکٹ بُک کرانے اور ای پیمنٹ کے ساتھ ساتھ حج سے متعلق خدمات جیسے رہائش، کھانا، پروازیں، رہ نمائی اور نقل وحمل کے پیکج منتخب کرنے کے قابل بناتی ہے۔اس پلیٹ فارم سے فرانس، جرمنی، امریکا، برطانیہ، اٹلی، برازیل، اسپین، کینیڈا، نیدرلینڈز بیلجیئم، آسٹریا، آسٹریلیا، بلغاریہ، ارجنٹائن، یونان، جارجیا،سوئٹزرلینڈ، قبرص، ڈنمارک، وینزویلا، یوکرین، ناروے، ٹرینی ڈاڈ اور ٹوباگو، فن لینڈ،کولمبیا،آئرلینڈ، رومانیہ، کروشیا، نیوزی لینڈ، سربیا، پرتگال، پولینڈ، ہنگری، پاناما، میکسیکو، چلی، پیرو، کیوبا، گوئٹے مالا، یوراگوئے اور نکاراگوا کے عازمینِ حج استفادہ کرسکیں گے۔اس پورٹل میں میں سات زبانوں میں سہولت فراہم کی گئی ہے، جہاں سے خدمات کے حصول کے لیے سب سے پہلے امیدوار اپنا پروفائل بنائیں گے۔اس میں اپنے بارے میں تمام مطلوبہ معلومات درج کریں گے،اس کے بعدعازمین حج مطلوبہ سہولتیں دریافت کرکے بکنگ کرا سکیں گے۔اس کے لیے انھیں مطلوبہ دستاویزات اور کاغذات منسلک کرنا ہوں گے جب کہ پیکج کی رقم ویزا اور ماسٹرکارڈ، بینک منتقلی کے علاوہ عازمین حج کے ملکوں میں موجود خدمات مرکزکے ذریعے سداد سسٹم پر نقد بھی جمع کرائی جاسکے گی۔سعودی حکومت کی جانب سے یہ اقدام عازمین حج کی آمد کے طریق کارکوآسان بنانے کے لیے ابتدائی کوششوں کے حصے کے طورپرکیا جارہا ہے۔ اس سے رواں سال عازمین حج کی بڑی تعداد کے مذہبی اور ثقافتی تجربے کو تقویت دینے کے لیے خدمات کا معیار بھی بلند ہوگا، جبکہ مملکت کے ویژن 2030ء کے اہداف بھی حاصل ہوں گے۔وہیں حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ تمام قسم کے ویزے رکھنے والوں کے لیے عمرہ کرنے اور مسجد نبوی کی زیارت کرنے کی سہولت دستیاب کردی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے محرم ہونے کی شرط کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔اس دوران عراق کے وزیر حج بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی بات چیت کی اور کہا کہ اس سال کرونا کے بعد عراق کے شہری حج کے لیے آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عراق کی جانب سے 33 ہزار 690 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔