32.1 C
Delhi
ستمبر 9, 2024
Samaj News

یوگی کے بلڈوزر کارروائی سے ماں بیٹی کی جلنے سے موت

بی جے پی اقتدار میں ناانصافیاں، ظلم و زیادتیاں شباب پر:اکھلیش یادو، کانپو کا واقعہ افسوسناک ،اعلی سطحی تحقیقات کے بعد ہوگی کارروائی:نائب وزیر اعلی کیشو

کانپور، سماج نیوز: اترپردیش کے کانپور دیہات میں پولس اور انتظامیہ کی بلڈوزر کے ذریعے چلائی جا رہی تجاوزات مخالف کارروائی کے درمیان ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جس میں ایک ماں اور اس کی بیٹی زندہ جل جانے سے ہلاک ہو گئیں۔رپورٹ کے مطابق متوفی ماں پرمیلا اور بیٹی کی موت کے ساتھ شوہر کرشنا گوپال دیکشت بھی بری طرح جھلس گئے ہیں۔ دراصل انتظامیہ کانپور دیہات میں سرکاری زمین سے ناجائز تجاوزات ہٹانے پہنچی تھی لیکن جس گھر کو گرایا جا رہا تھا، وہ خود سوزی کی دھمکی دے رہا تھا۔ احتجاج کے دوران اچانک آگ کے شعلے نظر آنے لگے اور ماں بیٹی زندہ چل کر ہلاک ہو گئیں۔متاثرہ کنبہ نے جو کانپور دیہات کی میتھا تحصیل میں تعینات ایس ڈی ایم دنیشور پرساد، لیکھ پال اشوک سنگھ اور رورا پولس اسٹیشن کے انچارج دنیش کمار گوتم کو نامزد کیا ہے۔ متاثرہ اہل خانہ کا الزام ہے کہ تجاوزات کو مسمار کرنے کے نام پر انتظامی اہلکاروں نے سازش کی اور کرشنا گوپال دیکشت کے خاندان کو زبردستی جھونپڑی میں قید کر کے اسے نذر آتش کر دیا! جس کی وجہ سے جھونپڑی کے اندر پھنسی ماں بیٹی آگ کے شعلوں کی زد میں آگئیں اور جھلس کر دونوں کی موت ہو گئی۔ اس کے بعد کانپور دیہات کے منڈولی گاؤں میں گاؤں والوں اور اہل خانہ نے پولس اور انتظامیہ پر حملہ کیا۔ آتشزدگی اور اس کی زد میں آنے سے ہوئی ماں-بیٹی کی موت کے معاملے میں ایس ڈی ایم گیانیشور پرساد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملزم جے سی بی ڈرائیور دیپک اور لیکھ پال اشوک سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔اس درمیان حادثے کے 24گھنٹے کے بعد نائب وزیر اعلیٰ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ متاثرہ کنبے کی بات ہونے پر اور ان کے مطالبات تسلیم کئے جانے کے بعد لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔ سیکورٹی کے پیش نظر پورے گاؤں میں پی اے سی تعینات کی گئی ہے ۔ پولس ذرائع نے منگل کو بتایا کہ رورا تھانہ علاقے کے مڑولی گاؤں میں رہنے والے کرشن گوپال دکشت کے خلاف غیر قانونی قبضہ کرنے کی شکایت کی تھی۔ گاؤں کے رہنے والے انل نے ان کی شکایت کی تھی جس کے بعد پیر کو ایس ڈی ایم گیانیشور پرساد پولس ٹیم و ریونیو ملازمین کے ساتھ گاؤں میں تجاوزات ہٹانے پہنچے تھے ۔متاثرہ کنبے نے الزام لگایا ہے کہ ٹیم نے جے سی بی سے نل اور مندر کو توڑنے کے ساتھ ہی چھپر گرا دیا۔ جس دوران چھپر میں آگ لگ گئی اور وہاں موجود پرملا(44) اور ان کی بیٹی نہا(19) کی آگ کی زد میں آنے سے جل کر موت ہو گئی جبکہ کرشن گوپال شدید طور سے جھلس گئے ۔ حادثے کی اطلاع پر اعلی افسران نے موقع پر پہنچ کر سبھی کا خاموش کرایا۔متاثرین کے تحریر کی بنیاد پر ایس ڈی ایم سمیت 39افراد پر قتل جیسے سنگین دفعات میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلع کے محکمہ پولس نے مستعدی کامظاہرہ کرتے ہوئے ایس ڈی ایم گیانیشور پرساد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ وہیں ملزم جے سی بی ڈرائیور دیپک و لیکھ پال اشوک سنگھ کو گرفتار کرلیا ہے ۔ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے ۔وہیں اترپردیش کے نائب وزیراعلی کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ کانپور میں ماں بیٹی کی موت کا وقوعہ افسوس ناک ہے ،جس کی اعلی سطحی تحقیقات کے بعد غیرجانبدارانہ کارروائی کی جائے گی ۔ واقعہ پر سماج وادی پارٹی سیاست کر رہی ہے ۔انہوں نے منگل کی سہ پہر ضلع اسپورٹس اسٹیڈیم میں پارلیمنٹ کھیل مقابلہ کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ زمین مافیا کو چھوڑیں گے نہیں ،اور غریبوں کو چھیڑیں گے نہیں ۔انہوں نے سماج وادی پارٹی کو سیاست نہیں کرنے کی صلاح دی ، اور اعظم خاں و عبداللہ اعظم کی سزا پر کہا کہ کسی بھی سیاسی شخص کو احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ۔ عدالت قانون کے بموجب سزا دیتا ہے ،کوئی غلط کام کرے گا تو اس کو سزا ملے گی ۔انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ضلع کا نام روشن کریں ۔مرکز و اترپردیش کی حکومت کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے کیلئے مزید سہولت فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر خصوصی طور سے ایم پی سنگم لال گپتا وغیرہ موجود رہے ۔وہیں سماجوادی پارٹی(ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے حکمراں جماعت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے منگل کوکہا کہ بی جے پی اقتدار میں ناانصافی، مظالم شباب پر ہیں اور اقتدار کے غرور کی آگ نے ایک کنبے کو خاکستر کردیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت-انتظامیہ دہشت و ہراسانی کے مظہر بن گئے ہیں۔آج یہاں جاری بیان میں اکھلیش نے کانپور دیہات میں پیش آئے دلدوز واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میتھا تحصیل کے ایس ڈی ایم، لیکھ پال نے غریب کنبے کا گھر بلڈوزر سے منہدم کردیا۔آگ لگنے کی وجہ سے ماں۔بیٹی کی زندہ جل کر موت ہوگئی۔ یہ واقعہ دل دہلانے والا ہے ۔متاثرہ کنبے کے بیٹے نے نام لے کر انتظامیہ کے افسران کو خاطی قرار دیا ہے ۔

Related posts

ایران میں مظاہروں کا سلسلہ جاری

www.samajnews.in

جنوری ماہ میں 68 ہزار لوگوں نے گنوائی نوکری

www.samajnews.in

اعظم گڑھ کے سلمان کا کمال، نینو کار کو بنا دیا ہیلی کاپٹر

www.samajnews.in