نئی دہلی: پڑوسی ملک پاکستان میں آٹے کے بحران کے درمیان ہندوستان میں بھی اس کی قیمت بہت تیزی سے بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔ اکیلے جنوری کے مہینے میں آٹے کی قیمت میں دو مرتبہ اضافہ ہوا، حکومتی اعداد و شمار کے مطابق کھلے میں آٹا 38 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جب کہ پیکٹ میں اس کی قیمت 45 سے 55 روپے فی کلو ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے آٹے کی قیمتوں میں 40 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ جنوری 2022 میں کھلے آٹے کی قیمت 25 سے 27 روپے فی کلو تھی، جب کہ پیکٹ میں برانڈڈ آٹا 35 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا۔ برآمدات پر پابندی کے باوجود گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے تناؤ بڑھا دیا ہے۔دنیا میں گندم پیدا کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہونے کے باوجود ہندوستان میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کو لے کر زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایم ایس پی میں کمی، سرکاری ایجنسیوں کے ضوابط اور روس یوکرین جنگ کا اثر ہے۔ واضح رہے حکومت ہند نے گیہوں کی سپورٹ قیمت تقریباً 23 روپے رکھے تھے ، لیکن تاجروں نے 25-26 روپے دے کر لوگوں سے گندم خریدا۔خریدار اور تولنے کا عمل تاجر کسان کے گھر کرتا ہے، جب کہ سرکاری اداروں کے قواعد و ضوابط بہت پیچیدہ ہیں۔ اس کی وجہ سے بھی کسان سرکاری اداروں کو گندم نہیں دینا چاہتے۔ دوسری جانب یہ بھی خبر ہے کہ نیپال کے تاجر گندم خرید کر بہار اور یوپی جیسی ریاستوں کے سرحدی علاقوں میں لے جاتے ہیں۔دوسری جانب فروری 2022 میں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ شروع ہوئی تھی جو ابھی تک جاری ہے۔ جنگ کے بعد پوری دنیا میں گندم کا ایکسپورٹ رک گیا۔ لیکن ان حالات میں بھی ہندوستان دنیا کے دیگر ممالک کو گندم فروخت کرتا رہا۔حکومت نے گندم کی برآمد کے لیے 7 نمائندوں پر مشتمل ایک گروپ بھی تشکیل دیا تھا جو ممالک کے ساتھ گندم کی برآمد پر بات چیت کر سکتے تھے۔ ہندوستان نے 2021-2022 میں 7.3 ملین ٹن گندم برآمد کی، جو 2020-21 میں 2.2 ملین ٹن تھی۔ واضح رہے گندم کی پیداوار میں کمی کے باوجود برامدات میں اضافہ ہوا۔ تاہم بعد میں حکومت نے گندم کے ذخیرے کو دیکھتے ہوئے جلد بازی میں برآمد پر پابندی عائد کردی جو اب تک جاری ہے۔آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافہ کے بعد مرکزی حکومت حرکت میں آگئی ہے اورقیمتوں کو ہر سطح پر کم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق مرکزی حکومت یکم فروری سے 30 ملین ٹن گندم اوپن مارکیٹ میں فروخت کرے گی۔ اس کے لیے ای ٹینڈر بھی طلب کئے گئے ہیں ۔ حکومت آٹے کی قیمت 30 روپے فی کلو سے نیچے لانے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ ہندوستان کی کئی ریاستوں میں انتخابات ہیں۔