نئی دہلی: پاکستان کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل اس وقت کینیڈا کے دورے پر ہیں اور انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد وہیں کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے مطابق وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے بیان میں کہا ’’پریشانی کی خبر تھی لیکن اب نہیں ہے۔ مولانا طارق جمیل کینیڈا میں موجود ہیں اور آج ان کے دل میں تکلیف ہوئی تھی۔‘‘ یوسف جمیل نے کہا ’’سینے میں درد کی وجہ سے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور ان کا پروسیجر عافیت سے مکمل ہو گیا اور اس وقت وہ بالکل ٹھیک ہیں لیکن ابھی تک اسپتال میں ہیں۔‘‘ ٹوئٹر پر جاری بیان میں یوسف جمیل نے کہا کہ ’’بابا جان اس وقت کینیڈا میں ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اللہ کے فضل سے اب ان کی حالت بہت بہتر ہے، آپ سب احباب سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ رب العزت والد محترم کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔‘‘ ویڈیو پیغام میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’گھر سے دور ہیں، ہم لوگ یہاں ہیں اور وہاں پر موجود ہیں جو تھوڑی پریشانی کا باعث ہے لیکن اللہ کا کرم ہے وہ ٹھیک ہیں‘۔مولانا طارق جمیل کو یکم جنوری 2019 کو بھی مبینہ طور پر عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انجیوپلاسٹی کے بعد ان کی طبیعت بہتر ہوگئی تھی۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ مولانا طارق جمیل کو دل میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس کے باعث انہیں لاہور میں جوہر ٹاون کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیوگرافی کی گئی تھی۔ مولانا طارق جمیل کے ترجمان طاہر رحیمی نے بتایا تھا کہ مولانا کو دل کی شریان بند ہونے کی وجہ سے ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے۔ ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ مولانا طارق جمیل کو دل میں درد ہوا تھا جس کے باعث انہیں اسپتال لایا گیا تھا۔
previous post