احمدآباد: گجرات اسمبلی انتخاب کے نتائج برآمد ہونے کے بعد اس کے تجزیہ کا دور شروع ہو چکا ہے۔ انتخابی نتائج نے حیران کرنے والا ایک انکشاف یہ کیا ہے کہ ریاست میں صرف ایک مسلم امیدوار (عمران کھیڑاوالا، کانگریس) کو کامیابی ملی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ مسلم امیدوار کھڑے نہیں کیے گئے تھے۔ کانگریس، عآپ اور اے آئی ایم آئی ایم نے مسلم امیدواروں پر داؤ لگایا تھا۔ لیکن بی جے پی کی آندھی میں دوسری پارٹیوں کے مسلم امیدوار ہوں یا غیر مسلم، سبھی گھٹنے ٹیکتے ہوئے نظر آئے۔ 182 اسمبلی سیٹ میں سے بی جے پی نے 156 پر قبضہ کر لیا اور کانگریس کے حصے میں محض 17 اور عآپ کے حصے میں 5 سیٹیں آئیں۔ 1 سیٹ پر سماجوادی پارٹی امیدوار کو کامیابی ملی، جبکہ 3 آزاد امیدوار فتحیابی کا پرچم لہرا سکے۔چونکہ بی جے پی نے کسی بھی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا تھا، اس لیے وہاں سے تو کوئی امید تھی ہی نہیں، لیکن کانگریس نے جن 6 مسلم امیدواروں کو کھڑا کیا تھا ان میں سے صرف عمران کھیڑاوالا ہی اچھی کارکردگی پیش کر سکے۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار بھوشن بھٹ کو بڑے فرق سے ہرایا۔ عآپ نے تین مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے اور اے آئی ایم آئی ایم نے تو کئی سیٹوں پر مسلم امیدوار کو موقع دیا تھا۔ ان میں سے کوئی بھی کامیابی کی دوڑ تک میں شامل نہیں ہو سکا۔