نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پیر کے روز بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی بہت ترقی کرنے کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن انتخابی تشہیر کے دوران اس کے لیڈروں کے بیانات نفرت سے بھرے ہوتے ہیں۔ یہ بیانات ایسے ہوتے ہیں جو سماج کو فرقہ واریت کی بنیاد پر تقسیم کرتے ہیں۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر جئے نارائن ویاس کے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد کھڑگے نے احمد آباد میں میڈیا اہلکاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے یہ بیان دیا۔ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس نے 70 سال میں ہندوستان کی ترقی کا خاکہ تیار کیا ہے، اور جو پارٹی حال ہی میں اقتدار میں آئی ہے وہ سیاسی مخالفین پر حملہ کرنے کے لیے صرف ایک زبان جانتی ہے، اس کے پاس ملک کو آگے لے جانے کا کوئی ویژن نہیں ہے۔
کانگریس کے حق میں کھڑی ہے گجراتی عوام: ملکارجن کھڑگے
بی جے پی کے گجرات ماڈل پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس صدر نے الزام لگایا کہ ریاست کا عوامی قرض بڑھ گیا ہے اور یہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے و روزگار پیدا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ کووڈ بحران کے دوران ریاست میں لاکھوں لوگ ہلاک ہو گئے، لیکن بی جے پی حکومت نے اس کی جانکاری چھپائی۔کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ ’’برسراقتدار پارٹی کو یہ احساس ہو گیا ہے کہ ریاست میں زبردست اقتدار مخالف لہر ہے۔ وہ انتخابی زمین گنوا رہی ہے اور اسی لیے بی جے پی لیڈران ریاست میں بڑی تعداد میں ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں اور انتخابی تشہیر کر رہے ہیں۔‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان ’یہ گجرات میں نے بنایا ہے‘ والے بیان کا مذاق اڑاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس کے سابق لیڈران نے گجرات کی ترقی میں تعاون دیا، سابق وزیر اعظم مورارجی دیسائی نے گجرات کی ترقی میں تعاون دیا، یہ سب کوئی کیسے بھول سکتا ہے۔ گجرات کے لوگوں نے بھی گجرات کی ترقی میں تعاون دیا ہے۔‘‘