نئی دہلی:عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے کہا کہ ان کی پارٹی ملک کے لوگوں کی نئی امید اور اعتماد بن گئی ہے اور بہت جلد یہ قومی پارٹی بننے والی ہے ۔ مسٹر کجریوال نے آج اے اے پی کے 10ویں یوم تاسیس کے موقع پر کہا کہ عام آدمی پارٹی 10سال پہلے اسی دن قائم ہوئی تھی۔ ان 10سالوں میں عوام کی بے پناہ محبت اور کارکنوں کی محنت سے پارٹی نے ہندوستانی سیاست میں کئی تاریخیں رقم کیں۔ آج عام آدمی پارٹی ملک کے لوگوں کی نئی امید بن گئی ہے ، یہ ایک امانت بن گئی ہے ۔ بہت جلد اے اے پی ایک اور تاریخی جیت کے ساتھ قومی پارٹی بننے جا رہی ہے ۔اے اے پی لیڈر اور دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ 10سال پہلے مسٹر اروند کجریوال نے ملک کو بدعنوانی سے پاک سیاسی آپشن دینے کا عہد کیا تھا۔ آج 1100سے زیادہ عوامی نمائندوں اور کروڑوں حامیوں کیساتھ یہ قرارداد ملک کی بہتر تعلیم، صحت اور روزگار کی واحد امید بن گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ہر روز تاریخ رقم کر رہی ہے ۔ جو کام کسی دوسری پارٹی کے لیے تصور میں بھی ناممکن ہے ، کجریوال کا ویژن اور آپ کا کام وہیں سے شروع ہوتا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کا ہمیشہ سے ایک ہی عزم رہا ہے اور وہ یہ ہے کہ ‘اے اے پی’ کا ہر لیڈر اور کارکن ملک کے مستقبل کے لیے بے لوث کام کرتا رہے گا تاکہ ہم مل کر ہندوستان کو نمبر 1 ملک بنتے ہوئے دیکھ سکیں۔