نئی دہلی:میلبورن میں انگلینڈ نے پاکستان کو ہراکر آئی سی سی ٹی 20-ورلڈ کپ کا خطاب جیت لیا ہے۔ فائنل میچ میں ٹاس ہارکر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 137 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 138 رنز کا ہدف دیا ۔ انگلینڈ کی ٹیم نے اس ہدف کو 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔پاکستان ٹیم 1992 کی تاریخ نہ دہراسکی۔ پاکستان نے اوسط بیٹنگ پرفارمنس کے باعث انگلینڈ کو جیت کے لیے محض 138 رنز کا ہدف دیا تھا۔اس ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں انگلش اوپنر ایلکس ہیلز کو بولڈ کر کے واپس پویلین بھیجا۔
انگلینڈ کے سر سجا ٹی20- ورلڈ کپ کا تاج، اسٹوکس نے دلائی یادگار جیت
انگلش بیٹر فل سالٹ کی وکٹ حارث رؤف نے چوتھے اوور میں 32 کے اسکور پر حاصل کی۔فاسٹ بولر حارث رؤف نے اننگز کے چھٹے اوور میں 45 کے اسکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ حاصل کی۔انہوں نے جوز بٹلر کو 26 رنز پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔انگلینڈ کے 84 کے اسکور پر ہیری بروک کو شاداب خان نے 13 ویں اوور میں واپس پویلین بھیجا۔ 20 رنز پر شاہین آفریدی نے ان کا کیچ پکڑا۔اس کے بعد انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ان کا ساتھ معین علی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ کیا جنہوں نے 12 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی۔ بین اسٹوکس نے ناقابلِ شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی اور 19ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلوائی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حارث رؤف 4 اوور میں 23 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں لے کر کامیاب بولر ٹھہرے، شاہین آفریدی نے 2 اوور اور ایک گیند کروائی، اپنے تیسرے اوور کی پہلی گیند کروانے کے بعد گھنٹنے میں تکلیف کے باعث گراؤنڈ چھوڑ گئے انہوں نے ایک وکٹ لی۔ ان کے علاوہ شاداب خان اور محمد وسیم نے بھی ایک ایک وکٹ لی تاہم چھوٹے اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ اس سے قبل میلبرن میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کے لیے 29 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔اننگز کے 5 ویں اوور میں فاسٹ بولر سیم کرن نے محمد رضوان کو 15 رنز پر بولڈ کر کے اپنی ٹیم کے لیے پہلی وکٹ حاصل کی۔انگلش بولر عادل رشید نے 8 ویں اوور میں 45 کے اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ حاصل کی جب محمد حارث 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔اننگز کا آغاز کرنے والے بابر اعظم 12 ویں اوور تک کریز پر کھڑے رہے، انہیں عادل رشید نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر 32 رنز پر آؤٹ کیا۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 85 رنز پر 13 ویں اوور میں گری جب فاسٹ بولر بین اسٹوکس نے افتخار احمد کو صفر پر کیچ آؤٹ کرایا۔شان مسعود 17 ویں اوور تک ٹیم کا اسکور 121 تک پہنچا سکے اور 38 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی چھٹی وکٹ 18 ویں اوور میں 123 رنز پر گری، جب شاداب خان کو 20 رنز بنانے کے بعد کرس جارڈن نے کیچ آؤٹ کرایا۔اگلے اوور میں 129 کے اسکور پر پاکستان کی ساتویں وکٹ بھی گر گئی، محمد نواز 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔قومی ٹیم کی آٹھویں وکٹ آخری اوور میں 131 کے اسکور پر اس وقت گری جب محمد وسیم کو کرس جارڈن نے کیچ آؤٹ کرایا۔