27.8 C
Delhi
مارچ 27, 2025
Samaj News

سعودی عرب کو ایرانی وارننگ: ہمارا صبر و تحمل ختم ہو سکتا ہے

تہران: ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق ایرانی وزیر برائے سراغرسانی اسماعیل خطیب نے اپنے علاقائی حریف سعودی عرب کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ’’ایران اب تک صبر و تحمل کی حکمت عملی پر ٹھوس عقلیت کے ساتھ پوری طرح قائم ہے، لیکن اگر مخاصمت کا سلسلہ جاری رہا تو وہ صبر و تحمل کے تسلسل کی کوئی ضمانت نہیں دے سکتا‘‘۔ ایرانی وزیر نے مزید کہا ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ اگرایران نے ان ممالک کے خلاف جوابی کارروائی اور سزا دینے کی پالیسی اختیار کی تو شیشے کے محلات منہدم ہو جائیں گے اور ان ممالک میں کوئی استحکام نظر نہیں آئے گا‘‘۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق اسماعیل خطیب نے سعودی عرب کا نام لیتے ہوئے کہا’’سعودی عرب کے معاملے میں، میں کہتا ہوں کہ ہمارے پڑوس کی وجہ سے ہماری اور خطے کے دیگر ممالک کی قسمت ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔ ایران کے نقطہ نظر سے خطے کے ممالک میں کوئی بھی عدم استحکام دوسرے ملک میں پھیلا سکتا ہے اور ایران میں کوئی بھی عدم استحکام کا اثر خطے کے دیگر ممالک پر پڑ سکتا ہے‘۔ خیال رہے کہ اس وقت ایران میں ملک گیر مظاہرے جاری ہیں۔ ایران کی اخلاقی پولیس کے زیر حراست ایک نوجوان خاتون مہسا امینی کی موت کے بعد ستمبر کے وسط سے ہی ان مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ دنیا کے متعدد ممالک میں بھی ایرانی مظاہرین کی حمایت میں مظاہرے ہوئے ہیں۔ان مظاہروں کو سن 1979 میں اسلامی انقلاب کے بعد سے ایران کے مذہبی رہنماوں کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔ایرانی حکومت نے بیرونی ممالک پر بدامنی پھیلانے اور مظاہرین کی حوصلہ افزائی کرنے کا الزام عاید کیا ہے جبکہ وہ خود ان مظاہرین کو ’’فسادی‘‘ قرار دیتی ہے۔حالیہ دنوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب کسی ایرانی عہدہ دار نے سعودی قیادت کے حوالے سے”شیشے کے محلات” کا لفظ استعمال کیا ہے۔ چند ہفتے قبل ایران نے سعودی عرب کو بالواسطہ دھمکی دی تھی۔(ڈی ڈبلیو)

Related posts

افغانستان: یونیورسٹیوں کے دروازے خواتین کیلئے بند

www.samajnews.in

شاہ سلمان قوم کے حقیقی خادم ہیں: امام کعبہ

www.samajnews.in

بہار: 2025 کا اسمبلی الیکشن تیجسوی کی قیادت میں لڑیں گے: نتیش کمار

www.samajnews.in