نئی دہلی، سماج نیوز: دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا کہ دارالحکومت میں خواتین کیلئے 100خصوصی محلہ کلینک کھولے جائیں گے جس میں تمام عملہ خواتین ہوں گی۔چار مہیلا محلہ کلینک کا افتتاح کرنے کے بعد مسٹر کجریوال نے آج کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ دہلی میں خواتین کیلئے الگ سے چار مہیلا محلہ کلینک کھولے جا رہے ہیں۔ آنے والے وقت میں پہلے مرحلے کے تحت 100 مہیلا محلہ کلینک کھولے جائیں گے ۔ اس کے بعد بھی کئی اور مہیلا محلہ کلینک کھولے جائیں گے ۔ صرف خواتین اور 12سال سے کم عمر کے بچوں کا علاج کیا جائے گا۔ مہیلا محلہ کلینک میں تمام ملازمین خواتین ہوں گی۔ اس سے خواتین کو اپنے مسائل بتانے میں سہولت ہوگی۔ مہیلا محلہ کلینک میں ادویات، ٹیسٹ اور تمام علاج مفت ہوں گے ۔ محلہ کلینک میں عام طور پر 239قسم کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ یہ تمام ٹیسٹ مہیلا محلہ کلینک میں بھی کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ خواتین سے متعلق جو بھی ٹیسٹ ہوں گے وہ بھی کرائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں بنیادی صحت کی دیکھ بھال کیلئے محلہ کلینک ہیں، جن میں کھانسی، نزلہ، بخار جیسی معمولی بیماریوں کا علاج کیا جاتا ہے ۔ دہلی میں ہماری حکومت بننے سے پہلے کئی بڑے اسپتال تھے لیکن لوگوں کو چھوٹی موٹی بیماریوں کیلئے بھی بڑے اسپتالوں میں بھاگنا پڑتا تھا۔ ان ہسپتالوں میں لمبی لائنیں لگ جاتی تھیں۔ پہلے دوائیاں دستیاب نہیں تھیں۔ اب پوری دہلی میں 521سے زیادہ محلہ کلینک شروع ہو چکے ہیں۔ اب لوگوں کو معمولی بیماریوں کیلئے بڑے اسپتالوں میں بھاگنے کی ضرورت نہیں۔ اب لوگوں کی معمولی بیماریوں کا علاج ان کے محلہ میں واقع محلہ کلینک میں کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں بچوں کی ویکسی نیشن، نومولود اور چھوٹے بچوں کے تمام مسائل کا علاج کیا جائے گا۔ دہلی کے محلہ کلینک کو دیکھ کر کئی ریاستوں کے اندر محلہ کلینک شروع ہو گئے ہیں۔ آنے والے وقت میں مہیلا محلہ کلینک بھی اسی طرح پورے ملک میں پھیل کر عوام کی خدمت کریں گے۔