ممبئی:بی سی سی آئی نے آخر کار سوربھ گنگولی کی چھٹی کرہی دی اور ان کی جگہ پر سابق ہندوستانی کرکٹر راجر بنی باضابطہ طور پر ہندوستان کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے 36ویں صدر بن گئے ہیں۔ منگل کو منعقدہ سالانہ جنرل میٹنگ میں بی سی سی آئی نے یہ فیصلہ کیا۔یہاں جاری ایک بیان میں، بی سی سی آئی نے کہا کہ راجیو شکلا بورڈ کے وائس چیئرمین بن گئے جبکہ جے شاہ سیکرٹری بنے رہیں گے ۔ دیوجیت سائکیا کو بورڈ کا شریک سکریٹری اور آشیش شیلار کو خزانچی کے مقرر کیا گیا۔ سالانہ عام اجلاس میں تمام عہدیداران کا بلامقابلہ انتخاب کیا گیا۔ ہندوستان کیلئے 27ٹیسٹ اور 72ون ڈے کھیلنے والے بنی اس عہہدے پر سورو گنگولی کی جگہ لیں گے ، جنہیں 2019میں بورڈ کا صدر مقرر کیا گیا تھا۔ بنی اگلے سال ہندوستان میں ہونے والے 2023کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل بورڈ کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔دریں اثنا، ایم مجمدار کو بی سی سی آئی کی اعلی کونسل میں جنرل اسمبلی کا نمائندہ مقرر کیا گیا۔ ارون سنگھ دھومل اور ابھیشیک ڈالمیا کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے نمائندے کے طور پر مقرر کیا گیا۔بورڈ نے جنرل اسمبلی میں سینئر مینز فیوچر ٹور پروگرام برائے 2023-2027اور سینئر ویمنز فیوچر ٹور پروگرام برائے 2022-2025کو منظوری دی۔ اگلے سال منعقد ہونے والے ویمنز آئی پی ایل کو منظوری دینے کے علاوہ مالی سال 2022-23کے بجٹ کو بھی منظور کیا گیا۔میٹنگ کے اختتام سے قبل جنرل باڈی کے ممبران نے سبکدوش ہونے والے عہدیداروں، آئی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین اور ممبران اور اراکین کی ان کے دور میں کئے گئے کاموں کیلئے ستائش کی۔